کانگریس کے نومنتخب صدرکھڑگےنے سنبھالی پارٹی کی کمان،سونیاگاندھی نے پیش کی مبارکباد

نئی دہلی(ایجنسی) کانگریس کے نو منتخب صدر ملکارجن کھڑگے نے بدھ کے روز پارٹی کے سینئر لیڈروں بشمول سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کی موجودگی میں عہدہ سنبھال لیا۔ ان کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالنے کے موقع پر کرناٹک کے تمام سینئر قائدین بشمول کارکنان پارٹی ہیڈکوارٹر میں موجود تھے۔
سونیا گاندھی نے ملکارجن کو کانگریس صدر کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’سب سے پہلے، میں اپنے نئے پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کو دل سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ میں بہت خوش ہوں اور بہت راحت محسوس کر رہی ہوں۔ سب سے زیادہ اطمینان کی بات یہ ہے کہ آپ نے جس شخص کو اپنی صوابدید پرصدر منتخب کیا ہے وہ ایک تجربہ کار اور ڈاؤن ٹو ارتھ لیڈر ہیں جنہوں نے ایک عام کارکن کی طرح کام کیا ہے اور جو اپنی محنت اور لگن سے اس بلندی تک پہنچے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا ’’مجھے یقین ہے کہ پوری پارٹی کو نئی تحریک ملے گی، ایک پیغام جائے گا اور ان کی قیادت میں کانگریس مضبوط سے مضبوط تر ہوتی رہے گی۔ میں نے ابھی کہا کہ مجھے سکون ملا ہے، میں اس بات کو واضح کرنا چاہتی ہوں، مجھے اطمینان ہے کہ آپ نے اتنے سالوں سے مجھے جو محبت اور عزت دی ہے وہ میرے لیے فخر کی بات ہے۔ زندگی کی آخری سانس تک یہ احساس میرے ساتھ رہے گا لیکن یہ اعزاز بھی ایک بہت بڑی ذمہ داری تھی۔ میں نے اپنی قابلیت کے مطابق جتنا ہو سکا وہ کیا۔‘‘
قبل ازیں نومنتخب صدرکھڑگے نے آزادی پسند اور دلت رہنما جگ جیون رام کو سمتا استھل پر خراج عقیدت پیش کیا، وہیں راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی، شانتی ون میں جواہر لال نہرو اور شکتی استھل پر اندرا گاندھی اور ویر بھومی پر راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
Comments are closed.