جامع مسجد ممبئی میں اہم علمی نشست کا انعقاد

ممبئی (پریس ریلیز)
جامع مسجد ممبئی ؛ ممبئی کی نہایت خوب صورت و پرکیف تاریخی عمارت ہے؛ یہ جہاں ظاہری حسن و جمال سے آراستہ ہے وہیں اپنی نفع رسانی اور ہمہ جہت و متنوع دینی و دعوتی سرگرمیوں کی وجہ سے بھی حسن سیرت کا مصداق ہے۔ ایک زمانہ تک حضرت مولانا شوکت نظیر نور اللہ مرقدہ اسی جامع مسجد میں امامت و خطابت کا فریضہ انجام دیتے ہوئے مرجع خلائق رہے اور خلق خدا کو فیض پہنچاتے رہے آپ کے وصال کے بعد بھی فیض رسانی کا سلسلہ جاری ہے بلکہ روز افزوں ہے ،جامع مسجد کی خوش قسمتی ہے کہ اس کو صلاحیت و صالحیت کے حاملین علم و تفقہ اور ورع و تقوی سے آراستہ رجال کار اور فعال افراد کی بہترین ٹیم نصیب ہوئی ہے جن کی وجہ سے جامع مسجد جدید وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے دینی ودعوتی اور علمی و فقہی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے جن کی وجہ سے اسے مرکزی مقام حاصل ہے ؛ یہی وجہ ہے کہ یہاں پر وقتا فوقتا علمی و فکری مجالس کا انعقاد ہوتا رہتا ہے چنانچہ گزشتہ کل بتاریخ 25 اکتوبر 2022 بروز منگل بوقت 5:30 شام کو ایک نشست کا انعقاد کیا گیا نشست کا موضوع
UNDERSTANDING TAXATION تھا
یہ نشست دراصل مفتی محمد اشفاق قاضی اور مفتی یحی معین صاحبان کی کوششوں سے منعقد ہوئی انہی حضرات نے محسوس کیا کہ عوام الناس ٹیکس وغیرہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں مفتیان کرام سے مسائل دریافت کرتے رہتے ہیں اس لیے مفتیان کو ٹیکس کے سلسلہ میں براہ راست معلومات حاصل کرنا چاہیے اور اس راہ کی اصطلاحات اور تعریفات جاننا چاہیے اور اس کے مثبت و منفی پہلوؤں پر غور و خوض کرنا چاہیے تاکہ عوام کی صحیح رہنمائی کی جاسکے لہذا ایک ماہر نوجوان چارٹر اکاؤنٹنٹ جناب اسمعیل خان صاحب کو مدعو کیا گیا اور ان سے متعین موضوع پر محاضرہ دینے کی درخواست کی گئی موصوف نے درخواست قبول فرمائی اور جامع مسجد تشریف لاکر وہاں کے جد ید شعبہ فیملی فرسٹ کے خوب صورت کانفرنس ہال میں ممبئی کے منتخب علماء و مفتیان ، عصری علوم سے آراستہ افراد اور تجارت کے میدان سے وابستہ لوگوں کے سامنے لگاتار کئی گھنٹوں تک لیکچر دیا اور ٹیکسیشن کے سلسلہ میں بنیادی معلومات بہم پہونچائیں ساتھ ہی ساتھ شرکاء مجلس کے سوالات کے تشفی بخش جوابات بھی دیتے رہے نیز مجلس میں موجود ماہرین و مفتیان نے بھی جدید مسائل، تقاضے اور ذمہ داریوں پر اپنی آراء اور زاویہ ہائے نگاہ پیش فرماتے رہے جس کی وجہ سے مجلس قدیم و جدید ،دینی و عصری علوم وفنون کا انتہائی حسین سنگم محسوس ہونے لگی اور ہر شریک بزم کے دل کی بات زبان پر یوں جاری ہوئی کہ ایسی معلومات افزا مجلس منعقد ہوتی رہنا چاہیے تاکہ اہل زمانہ کے عرف سے بخوبی واقفیت ہو سکے اور ہمارے اصحاب افتاء پیش آمدہ مسائل کا صحیح اور مناسب حل پیش کر سکیں اور چیلنجز کا تشفی بخش تدارک کرسکیں یہی وجہ ہے کہ اس نشست کے اختتام کے وقت آئندہ نشست کی تاریخ اور عنوان طے کر لیا گیا لہذا اگلی نشست 26 نومبر بروز سنیچر 2022 کو منعقد ہوگی.
شرکاء مجلس میں مفتی حذیفہ صاحب پالنپوری مفتی عمیر قاسمی صاحب مفتی ابرار صاحب مولانا راشد اسعد ندوی جناب اشرف محمدی صاحب جناب شوکت مجاور صاحب جناب جمیل اے شیخ صاحب جناب طارق صاحب جناب شملان صاحب وغیرہم موجود تھے.
Comments are closed.