پولیس کے سلوک سے دلبرداشتہ ٹھیکیدار نے کھائی زہریلی اشیاء

دیوبند،6؍اکتوبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
سرکاری زمین پر کھڑے درختوں کو کاٹے جانے کی اطلاع پر موقع پر پہنچے پولیس اہلکاروں نے لکڑی ٹھیکیدار 42سالہ رویندر کے ساتھ نازیبا سلوک کیا اور کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے اسے تھانہ آنے کے لئے کہا ۔ پولیس اہلکاروں کے طور طریقے اور بے عزتی برداشت ٹھیکیدار رویندر نہیں کرپایا ۔ اس بات سے خوف زدہ ٹھیکیدار نے زہریلی اشیاء کھالی جسے تشویشناک حالت میں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی موت واقع ہوگئی۔ اہل خانہ نے پولیس اہلکاروں اور جھوٹی اطلاع دینے والے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ معاملہ گزشتہ منگل کی شام کا ہے ، جب کہ ٹھیکیدار نے گزشتہ دیر شام علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ ٹھیکیدار رویندر نے اسپتال میں نائب تحصیل دار کو مرنے سے قبل دیئے بیان میں بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر پہنچے پولیس اہلکاروں کی دھمکی کے بعد وہ خوف زدہ ہوگیا تھا اور اس نے زہر کھالیا تھا ۔ تھانہ گاگلہیڑی علاقہ کے گائوں مانڈے بانس کے رہنے والے لکڑی ٹھیکیدار رویندر نے گائوں کے ہی ایک شخص کے تالاب کے کنارے کھڑے درختوں کو خرید لیا تھا اور وہ اس کی کٹائی کرا رہا تھا ، اسی دوران کسی نے پولیس کو اطلاع دی کہ رویندر نے سرکاری زمین پر کھڑے درخت کاٹ لئے ہیں ، اس کے بعد منگل کی شام تھانہ کے لیپرڈ دستے پر تعینات پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اوررویندر کو دھمکاتے ہوئے تھانہ آنے کی بات کہتے ہوئے واپس آگئے ۔ اہل خانہ نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچنے کے بعد جس طریقہ سے گالی گلوچ اورنازیبا سلوک کیا اس سے رویندر مایوس ہوگیا اور اس نے منگل کی شام زہر کھالیا ۔ اہل خانہ نے اسے تشویشناک حالت میں سہارنپور اسپتال میں داخل کرایا ، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر نائب تحصیل دار صدر نے اسپتال پہنچ کر رویندر کا بیان قلم بند کیا ۔ گزشتہ دیر شام رویندر نے دم توڑ دیا ۔ رویندر کی موت کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ اس سلسلہ میں ایس پی سٹی ابھیمنیو مانگلک نے بتایا کہ سرکاری درخت کاٹنے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تھی ، زہر کس وجہ سے کھایا ہے اس کی تحقیق کی جارہی ہے ۔ اگر پولیس اہلکار قصوروار پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس تناظر میں تھانہ گاگلہیڑی انچارج سنیل نیگی نے بتایا کہ گرام سماج کی زمین پر کھڑے سرکاری درختوں کو کاٹنے کی اطلاع پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تھے ، پولیس اہلکاروں نے مذکورہ ٹھیکیدار کو دھمکی دی تھی جس وجہ سے اس نے زہر کھالیا ، پولیس اہلکاروں اور اطلاع دینے والوں کے خلاف اہل خانہ کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

Comments are closed.