دین وعقیدہ کو خراب کرنے والوں سے ہوشیار رہیں: مولانا محمد اکرم جامعی

 

6نومبر کو ہونے والی کانفرنس کی تیاریوں کے تعلق سے پٹکاپور میں میٹنگ کا انعقاد

 

کانپور(پریس ریلیز) جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام 6نومبربروز اتوار کو جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی زیر نگرانی قلب شہر میں منعقد ہو رہے عظیم الشان تحفظ ختم نبوت و تحفظ حدیث کانفرنس کی تیاریوں کے تعلق سے مسجد بخشو جراح پٹکاپور میں پٹکاپور، شیوالہ، پریڈ، بساطخانہ،میسٹن روڈ،پھول باغ سمیت دیگر حلقوں کے علمائے کرام، ائمہ مساجد و دانشوران کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ جس میں شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں وقاضی شہر کانپور حافظ و قاری معمور احمد جامعی بطور خاص شریک رہے۔میٹنگ کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔

جلسہ میں بطور مہمان خصوصی تشریف لائے مولانا محمد اکرم جامعی نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کے لئے ابتدا سے کوششیں ہوتی رہی ہیں آگے بھی ہوتی رہیں گی، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس کی سرکوبی کے لئے جدوجہد کرتے رہیں۔ اسلامی شعائر کو اپناکر دین وعقیدہ کو خراب کرنے والے سے ہوشیار رہنا چاہئے اس لئے کثیر تعداد میں لوگ 6اکتوبر کو ہونے والی کانفرنس میں شریک ہوکر قرآن وحدیث کی روشنی میں خطابات سنیں اس سے انشاء اللہ بہت فائدہ ہوگا اور فتنہ سے محفوظ رہنے میں مددملے گی۔

مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے نائب ناظم مولانا امیر حمزہ قاسمی نے کہا کہ باطل فتنوں کے خلاف کام کرنا پیارے آقاحضرت محمدﷺ کی توجہات کو اپنی طرف متوجہ کرنے کا کام ہے۔ حضورؐ کی ختم نبوت کا انکار کرنا حضورؐ کی ذات اور مقام و مرتبہ پر حملہ ہے۔ مولانا نے حضرت ابوبکر ؓ و عمرؓ کا واقعہ بتایا کہ ایک مرتبہ حضرت عمرؓ نے اپنے دور میں فرمایا کہ اگر حضرت ابوبکرؓ میری ساری زندگی کی نیکیاں لے لیں اور ’غار‘کی نیکیاں مجھے دے دیں تو میں زیادہ فائدہ میں رہوں گا۔ علما ء کہتے ہیں کہ حضرت ابوبکرؓ نے ان ایام میں چونکہ رسول اللہ ﷺ کی ذات کی حفاظت کی تھی اس لئے اس نیکی کا کوئی بدلہ نہیں مل سکتا۔ لہٰذا حضورؐ کی ذات، آپؐ کے مقام کی حفاظت کے کام کا مرتبہ اتنا بڑھا ہوا ہے کہ حضر ت عمرؓ جیسے صحابی رسول اپنی ساری زندگی کی نیکیاں اس پر قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔

میٹنگ میں کانفرنس سے قبل شہر کے عوام میں بیداری لانے کیلئے تمام تدابیر اختیار کرنے پر غور کیا گیا، مختلف مقامات پر ہورڈنگ اور بینر لگانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے گھر گھر تک کاتحفظ ختم نبوت کا پیغام پہنچانے کیلئے ہینڈبل تقسیم کئے جائیں گے۔ ساتھ ہی قریب کے علاقوں سے لوگوں کو پہنچانے کیلئے ای رکشہ دیگر دیگر سواریوں کے نظم پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ مسجد حلوہ سوہن کے امام و خطیب مفتی محمد ظہیر قاسمی کی دعاء پر میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر مفتی اظہار مکرم قاسمی، مولانا محمد ذاکر قاسمی، مولانا انیس الرحمن قاسمی، مولانا انوار عالم ندوی، مولانا محمد طاہر قاسمی، حافظ ریحان علی، مولانا اظہر منیر قاسمی، قاری شمشیر عالم فرقانی، حافظ عدنان،حافظ محمداویس، محمد ریاض، فیصل معین، رضوان ملک، محمد بلال کے علاوہ دیگر لوگ موجود رہے۔

 

Comments are closed.