نئی نسل کا رشتہ سیرت رسول سے جوڑنا وقت کی سب سے اہم ضرورت: علماء کرام
اقراء ایجوکیشنل اکیڈمی کے زیر اہتمام سیرت کوئز کا انعقاد
بتیا: 28 اکتوبر( پریس ریلیز)
جس طرح مالی پر اس کے باغ کی حفاظت کی ذمہ داری ہوتی ہے، اس کی ذرا سی کوتاہی باغ کو تباہ کاری کے دہانے پر لاسکتی ہے، اسی طرح والدین اور قوم کے باشعور افراد کی ذمہ داری ہے کہ نسل نو کی ذہنی وفکری ارتداد سے حفاظت کریں اور انہیں صحیح سمت و رفتار دیں بصورت دگر قوم تباہی وبربادی کے عمیق غار میں جاسکتی ہے مذکورہ باتیں اقراء ایجوکیشنل اکیڈمی بسنت پور مغربی چمپارن کے بینر تلے منعقد سیرت کوئز مسابقہ میں علماء کرام نے کہیں ۔ واضح ہوکہ 27/ اکتوبر بروز جمعرات بعد نماز عشاء مغربی چمپارن کے سسوا بسنت پور میں حسن امام قاسمی کی تحریک پر طلباء وطالبات کے بیچ سیرت کوئز کا ایک شاندار مسابقہ منعقد ہوا جس میں گاؤں کے اسکول ومدارس اور مکاتب کے بچوں نے انتہائی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شرکت کی اور امتیازی نمبرات سے کامیاب ہوئے۔ مسابقہ کی صدارت گاؤں کے ہی ایک معمر عالم دین مولانا عمر نعمانی نے کی جبکہ نظامت کا فریضہ حسن امام قاسمی نے انجام دیا ۔ پروگرام کا آغاز مدرسہ انجمن اسلامیہ سلیم نگر رڑھیا کے طالب علم سعدان شفق کی خوبصورت تلاوت کلا م پاک سے ہوا ۔ مسابقہ میں مساہمین کی کل تعداد تیس تھی جن میں سے 10 نے 100 فیصد نمبرات حاصل کیے اور خصوصی انعامات کے مستحق ہوئے دس میں سے ایک مساہمہ روشن جہاں متعلمہ مدرسہ قاسم العلوم بسنت پور کو فائر راؤنڈ کے بعد قرعہ اندازی کے ذریعہ اول انعام دیا گیا اور تین مساہمین مطیع اللہ، نذیر احمد اور آمنہ خاتون دوم انعام کے مستحق ہوئے دوم انعام کے تمام مستحقین اقراء ایجوکیشنل اکیڈمی کے طلباء وطالبات تھے سوم انعام پانچ طلباء وطالبات کو دیا گیا جن میں ذکی امام، نظیر احمد، فرحانہ خاتون، محمد ساحل اور عبدالرزاق تھے ان میں چار طلباء اقراء ایجوکیشنل اکیڈمی کے اور ایک طالب علم دارالیتامیٰ بسنت پور کا تھا، باقی تمام مساہمین کو تشجیعی انعام کے طور پر قلم کاپی کے ساتھ علامہ سید سلیمان ندوی کی تصنیف رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم دی گئی ۔ حکم کے فرائض قاری مزمل حسین ،مولانا ایوب نعمانی، حیات احمد قاسمی، انجینئر وسیم الحق قاسمی، ولی اللہ قاسمی، قاری قمر عالم ثاقبی اور حافظ ارشاد نے انجان دیا ۔
اخیر میں اپنے تاثراتی بیان میں مفتی حیات احمد قاسمی نے کہا کہ نئی نسل کو اپنے دین کی بنیادی اور اہم معلومات سے واقف کرانے کے لیے اور ان کے اندر مسابقہ کا جذبہ پیداکرنے کے لیے اس طرح کے مسابقات منعقد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ نوجوان عالم دین محمد سجاد قاسمی نے سیرت پر مختصر مگر جامع تقریر کی ۔ موقع پر ماسٹر مشتاق احمد مضطر، ماسٹر شمیم اختر، شیخ ابواللیث، قیام الحق قاسمی، شیخ اسرافیل، سجاد حسین،انجینئر جنید، ارشاد عالم، ولی اللہ، علی امام، مہتاب عالم ودگر موجود تھے ۔
Comments are closed.