دیوبند میں جمعیۃ علماء کا سدبھاؤنا سنسد آج

تمام مذاہب کے رہنماء متحدہ طورپر دینگے انسانیت اور بھائی چارے کا پیغام
دیوبند، 28؍ اکتوبر (سمیر چودھری؍بی این ایس)
مذہبی منافرت اوراسلامو فوبیا کوہندوستان کی سرزمین سے ختم کرنے اورہندوستانیت وانسانیت کے فطری جذبے کو اُجاگر کرنے کے لئے جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام ملک کے مختلف حصوںمیں ’’سدبھائونا سنسد ‘‘ کے پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اسی تناظر میں کل (آج) دیوبند میں سدبھائونا سنسد کا انعقاد کیا جائے گا۔ تفصیل کے مطابق آپسی پیار ومحبت کو بڑھاوا دینے کے لئے جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے ملک بھر میں ’’سدبھائونا سنسد‘‘ کا انعقاد کررہی ہے۔ اسی تناظر میں 29اکتوبر کو دیوبند میں بھی اس کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ کانفرنس میں سبھی مذاہب کے مذہبی پیشوا سمیت سرکردہ افراد کو دعوت نامہ دیا گیا ہے ۔ 29اکتوبر یعنی (آج) عیدگاہ روڈ پر واقع محمود ہال میں منعقد ہونے والی سدبھائونا سنسد کے کنوینر اور جمعیۃ علماء ہند کے ضلع سہارنپور کے جنرل سکریٹری ذہین احمد نے بتایا کہ ملک میں آپسی پیار ومحبت کو بڑھاوا دینے کے لئے پورے ملک میں جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے سدبھائونا سنسد کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور اس کے نتائج بھی اچھے سامنے آرہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تاریخی شہر دیوبند میں بھی یہ کانفرنس منعقد کی جارہی ہے ، ذہین احمد نے بتایا کہ دیوبند کے مانکی میں واقع منکیشور مہا دیو مندر اور میلہ انتظامیہ کمیٹی کے صدر پرویندر کمار بھی کنوینر ہیں ۔ اس کانفرنس میں جمعیۃ علماء ہند کے قومی جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کے علاوہ دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا سلمان بجنوری ، ترپور ماں بالا سندری دیوی مندر سیواٹرسٹ کے صدر پنڈت ستیندر شرما ، پنچایتی ٹھاکر دوارا سبھا کے صدر ونود پرکاش گپتا ، گرونانک سبھا دیوبند کے صدر سیٹھ کلدیپ کمار، ڈاکٹر ڈی کے جین ، اشوک گپتا، محمد مدنی، مولانا ظہور احمد وغیرہ اس پروگرام میں شامل ہوںگے۔ وہیں جمعیۃ علماء ہند کے ضلع سکریٹری سید ذہین احمد،عدیل صدیقی اورفیضی صدیقی وغیرہ نے شیخ الہند پہنچ کر پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
Comments are closed.