ایس پی نے مسلمانوں کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا

بی ایس پی لیڈر عمران مسعود نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنی ہے
دیوبند،28؍ اکتوبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
بہوجن سماج پارٹی کے مغربی اتر پردیش کے کنوینر اور سابق ایم ایل اے عمران مسعود نے کہا کہ ہم سب کو مل کر بلدیاتی انتخابات میں کونسلر اور میئر کی سیٹ جیتنی ہے، ساتھ ہی لوک سبھا انتخابات کی تیاری کرنی ہے۔ سہارنپور منڈی سمیتی روڈ پر بینکوئٹ ہال میں منعقدہ بی ایس پی کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے عمران مسعود نے کہاکہ آئندہ بلدیاتی الیکشن میں میئر سمیت پورے ضلع کی جملہ سیٹوں پر بی ایس پی کو کامیاب بنانا ہے،انہوںنے کہاکہ ہر وارڈ پر کامیابی کے لئے کارکنان محنت کریں۔تقریب میں پہنچنے پر عمران مسعود اور اتراکھنڈ کے انچارج نریش کمار گوتم سمیت دیگر بی ایس پی لیڈروں کا کارکنوں نے گلپوشی کرکے پرزور استقبال کیا۔ اس دوران عمران مسعود نے کہا کہ ہمیں تمام طبقات کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ اس کے لیے گھر گھر جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کا مفاد صرف بی ایس پی اور بی ایس پی کی حکومت میں ہی محفوظ ہے۔ آج تک سماج وادی پارٹی نے مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا ہے، لیکن اب مسلم سماج بیدار ہو گیا ہے اور وہ اچھی طرح سمجھ گیاہے کہ ان کا مفاد بی ایس پی میں ہی ہے۔نریش کمار گوتم نے کہا کہ لوگ ریاست میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ جس کا آغاز بلدیاتی انتخابات سے ہونے جا رہا ہے۔ شایان مسعود نے کہا کہ گزشتہ دنوں کچھ نوجوان مسجد سے نماز ادا کرنے کے بعد انتظامیہ کو میمورنڈم دینے جا رہے تھے۔ ان پر سنگین دفعات لگاکر انہیں گرفتار کیاگیا، سینکڑوں بے گناہوں کو ہراساں کیا گیا اور عمران مسعود کے علاوہ کوئی لیڈر سامنے نہیں آیا۔ پروگرام میں آشیرواد آریہ، بجندر کشیپ، وکاس، انیل کمار، عمران پرمکھ، لودھی کمار، عجب سنگھ، ایس عالم، پرتاپ سنگھ، میانک کٹاریہ، انل دھریا، انجم وغیرہ موجود رہے۔

Comments are closed.