گجرات انتخابات: آپ کاوزیراعلیٰ کون ہو؟کیجریوال نے عوام سے پوچھاسوال،جواب دینے کے لئے جاری کیانمبر

سورت(بصیرت نیوزڈیسک)گجرات انتخابات کے حوالے سے سب کی نظریں اس پر لگی ہوئی تھیں کہ عام آدمی پارٹی کسے وزیر اعلیٰ کا چہرہ بنائے گی۔ اس حوالے سے پارٹی سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بڑا اعلان کیا ہے۔ اروند کیجریوال نے سورت میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جسے عوام پسندکرے گی وہی گجرات کااگلاوزیراعلیٰ ہوگا۔ اس لیے آج ہم عوام سے پوچھتے ہیں کہ آپ بتائیں کہ آپ کا وزیراعلیٰ کون ہونا چاہیے۔ اس کے لیے ہم نے عوام کی رائے جاننے کے لیے ایک نمبر بھی جاری کیا ہے۔ نیز لوگ ایس ایم ایس ، واٹس ایپ یا صوتی پیغامات کے ذریعے اپنی پسندبتاسکتے ہیں۔ آپ ای میل کے ذریعے بھی اپنی پسند بتا سکتے ہیں۔
کیجریوال نے کہا کہ لوگ تبدیلی چاہتے ہیں اور مہنگائی اور بے روزگاری سے راحت چاہتے ہیں۔ ان لوگوں نے 1 سال پہلے اپنا وزیر اعلیٰ بدلا، پہلے وجے روپانی صاحب تھے، وہ بدل کر بھوپیندر پٹیل صاحب کو کیوں لائے؟ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ وجے روپانی کے ساتھ کچھ غلط تھا؟ اس سے پہلے جب وجے روپانی صاحب کو لایا گیا تو عوام سے نہیں پوچھا گیا اور دہلی میں بیٹھ کر فیصلہ کردیاگیا۔ جمہوریت میں عوام فیصلہ کرتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ کون ہوگا۔ آپ نے نہ 2016 میں پوچھا، نہ 2021 میں۔ عام آدمی پارٹی میں ہم ایسا نہیں کرتے، ہم عوام سے پوچھ کر فیصلہ کرتے ہیں کہ آپ کس کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتے ہیں۔
اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ آپ کو یاد ہوگا کہ پنجاب میں ہم نے عوام سے پوچھا تھا کہ وزیر اعلیٰ کسے ہونا چاہیے تو سب نے بھاری اکثریت سے بھگونت مان صاحب کا نام لیا، پھر عوام کی خواہش کے مطابق ہم نے بھگونت مان صاحب کے نام کا اعلان کیا تھا۔ اب گجرات میں عام آدمی پارٹی کی حکومت آنے والی ہے۔ ایسے میں جسے عوام اپناوزیراعلیٰ کاامیدوارطے کرے گی وہی گجرات کا اگلا وزیراعلیٰ ہوگا، لہٰذا آج ہم عوام سے پوچھتے ہیں کہ آپ بتائیں آپ کا وزیراعلیٰ کون ہونا چاہیے۔ یہ نمبر 3 نومبر کی شام 5 بجے تک کام کرے گا اور اس کے بعد 4 نومبر کو جو بھی نتائج آئیں گے، وہ عوام کے سامنے رکھیں گے کہ گجرات کے لوگ کسے اپنا اگلا وزیراعلیٰ بنانا چاہتے ہیں۔
Comments are closed.