ہریانہ سے مدھوبنی جارہی بس سمری میں ٹرک سے ٹکرائی، 2 مسافر ہلاک، نصف درجن زخمی،این ایچ 27 پر سمری تھانہ کے منخوش ڈھابہ کے قریب پیش آیا حادثہ

جالے(محمد رفیع ساگر /بی این ایس) دربھنگہ ۔مظفر پور فور لین نیشنل ہائیوے 27 پر منخوش ڈھابہ کے نزدیک سمری تھانہ علاقہ میں جمعہ کی رات 2 بجے بالوسے لدے ٹرک سے ایک تیز رفتار بس ٹکراگئی۔اس حادثہ میں بس میں سوار 2 مسافروں کی موت ہوگئی جبکہ نصف درجن زخمی ہیں۔جنہیں علاج کے لئے دربھنگہ میڈیکل کالج اسپتال بھیجا گیا ہے۔وہاں سے 2 افراد کی حالت تشویشناک قرار دیکر پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کی شکار جئے شری ٹریولس کی بس ہریانہ سے مدھوبنی کے کھٹونا جا رہی تھی۔ مرنے والوں کی شناخت مدھوبنی ضلع کے بابوبڑھی تھانہ کے مرہڈی گاوں کے مہیندر یادو کے لڑکے 21 سالہ وویک کمار یادو اورجالے تھانہ کے بگھول گاوں کے گنور چوپال کے لڑکے 20 سالہ للت چوپال کے طور پر ہوئی ہے۔جبکہ بگھول گاوں کے ہی چندن چوپال کے لڑکے ارون چوپال ، سمری تھانہ کے مادھوپور کے 25 سالہ رام نندن بھگت ،مدھوبنی ضلع کے بابو باڑھی تھانہ کے مرہڈی کے راج دیو یادو کے لڑکے 22 سالہ بھرت یادو سمیت کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔جن میں رام نندن بھگت سمیت 2 افراد کو پٹنہ ریفر کردیا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق ہریانہ سے مدھوبنی جارہی یوپی 51 اے ٹی 6311 نمبر کی تیز رفتار بس سمری تھانہ کے منخوش ڈھابہ کے قریب پہلے سے کھڑے بالو سے لڈے ٹرک ڈبلیو بی 23 سی 7500 میں سیدھی ٹکر ماردی۔حادثے کے بعد ٹرک اور بس کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔تاہم جائے وقوع پر افراتفری اور چیخ و پکار جاری تھی ۔موقع پر ایس ایچ او شمشاد احمد خان اور اسسٹنٹ انسپکٹر سوریہ بالی یادو پہنچ کر بس کے کیبن میں پھنسے مسافر کو کافی جدوجہد کے بعد باہر نکالا جس میں وویک اور للت کی موت ہو گئی تھی، دونوں مرنے والوں اور زخمیوں کو پولیس وین میں ڈی ایم سی ایچ بھیجا دیا گیا ۔بس میں زخمی ہونے والے بھرت یادو نے بتایا کہ متوفی وویک یادو کے ساتھ ہریانہ کے ایک ریسٹورنٹ میں کام کرتا تھا،چھٹھ منانے کے لیے اپنے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں اس کے چچازاد بھائی وویک کی موت ہو گئی۔ بس ٹرک کے ساتھ تصادم کی جگہ تمام لوگ بس کے کیبن میں بیٹھے تھے۔ ڈرائیور بھی خون میں لت پت بس سے چھلانگ لگا کر فرار ہو گیا ہے۔ایس ایچ او شمشاد احمد خان نے حادثے کی شکار بس اور ٹرک کی نگرانی کے لیے مقامی چوکیدار مہیش پاسوان کو تعینات کر دیا ہے۔دونوں گاڑیوں کو موقع سے ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔زیادہ تر مسافر زخمی ہیں۔
Comments are closed.