یونیفارم سول کوڈ اکثریتی ووٹوں کو اکھٹا کرنے کیلئے ایک سیاسی چال: ایس ڈی پی آئی

نئی دہلی (پریس ریلیز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کی قومی جنرل سکریٹری محترمہ یاسمین فاروقی نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ ملک میں سماجی تفاوت اورغیر مساوی ترقی کے ماحول میں یونیفارم سول کوڈ کے نفاذ کا فیصلہ مذہبی اقلیتوں اور سماج کے کمزور طبقات کی پوزیشن کو کمزور کرے گا اور ملک میں برہمنی نظام کو فروغ د ے گا۔ یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا جب گجرات حکومت نے29اکتوبر کو اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست میں یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری محترمہ یاسمین فاروقی نے مزید کہا ہے کہ مختلف عقائد اور متنوع روایات کے حامل ملک میں، یونیفارم سول کوڈ کا نفاذ دوسرے عقائد کے لوگوں کو اپنے مذہب پر جس طرح وہ چاہیں عمل کرنے کے آئینی حقوق سے محروم کردے گا۔عصمت دری، قتل،بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی غربت جیسے کئی سنگین مدعے اور مسائل ہیں، لیکن بی جے پی کی ناکام حکومت عوام کی اکثریت کو متاثر کرنے والے حقیقی مسائل سے لوگوں کو توجہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ کمیٹی کی تشکیل کیلئے جو وقت چنا گیا ہے وہ فاشسٹ حکومت کے برہمنی نظام کو مسلط کرنے کے ایجنڈے کا واضح اشارہ ہے۔ ایس ڈی پی آئی لیڈر نے کہا ہے کہ بی جے پی کسی کے مذہب پر عمل کرنے اور اس کا اظہار کرنے کی آئینی ضمانتوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی ہندتوا پالیسی کو نافذ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیفارم سول کوڈ کو تمام عقائد اور مذہبی فرقوں کے لوگوں کے ملک گیر اتفاق رائے کے بغیر نافذ نہیں کیا جاسکتا۔ ایس ڈی پی آئی اس فیصلے کی سختی سے مخالفت کرتی ہے انتخابات سے پہلے اس تعلق سے کمیٹی تشکیل دیے جانے کو ووٹروں کو متاثر کرنے کے سیاسی چال کے طور پردیکھتی ہے اور الیکشن کمیشن آف انڈیا سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتی ہے۔
Comments are closed.