فیضان ہاسپٹل میں بریسٹ کینسر بیداری کیمپ منعقد

میڈیکل سپرنٹنڈینٹ ڈاکٹر ملیکا راؤ نے بریسٹ کینسر کی علامات اور تفصیلات کے ساتھ بتائیں احتیاطی تدابیر
دیوبند،31؍ اکتوبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
معروف ہاسپٹل فیضان میڈی کیئر ملٹی اسپیشلیٹی اسپتال میں بریسٹ کینسر سے متعلق ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا ۔اس بیداری پروگرام کے تحت کینسر کی جان لیوا بیماری سے محفوظ رہنے اور بریسٹ کینسر کی کچھ علامات اور پہچان کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا ۔پروگرام میں شریک لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈینٹ ڈاکٹر ملیکا راؤ نے بریسٹ کینسر کی علامات اور تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ 35؍سال سے زائد کی عمر والی خواتین کو اپنے بریسٹ کی میڈیکل جانچ لازمی طور سے کرانی چاہئیں۔ڈاکٹر ملیکا راؤ نے بتایا کہ عام طور سے بریسٹ میں گانٹھوں کا پڑ جانا یا اس کے کسی حصہ سے خون وغیرہ کا رساؤ ہونا یا بناوٹ میں تبدیلی آجانا خطرناک علامات ہیں ۔اس لئے 35؍سال سے زائد عمر رکھنے والی خواتین کو اس سلسلہ میں جانچ کراتے رہنا چاہئیںاور بتائی گئی علامات ظاہر ہونے پر فوراً کینسر کے ماہرین ڈاکٹروں سے رجوع کرنا چاہئے تاکہ ابتدائی علامات دیکھ کر کینسر کے خطرات سے محفوظ رہا جاسکے ۔بعد ازاں خواتین کے امراض کی اسپیشیلسٹ اور سرجن ڈاکٹر وندنا آریہ نے بھی بریسٹ کینسر کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے اس مرض سے پیدا ہونے والے مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور اس سے محفوظ رہنے کے طریقے بتائے ۔ڈاکٹر وندنا آریہ نے بتایا کہ خواتین میں یہ بیماری 10فیصد خاندانی ہوتی ہے ۔اس بیماری کی علامات اور وجوہات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کا وزن بڑھنا، تمباکو نوشی کرنا اور پہلی ولادت 30سال کی عمر کے بعد ہونا یا جسم میں ہارمون ٹریٹمینٹ وغیرہ بھی اس کا سبب ہوسکتا ہے ۔انہوں نے چند علامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بریسٹ میں گانٹھ بن جانا بھی بریسٹ کینسر کی علامت ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس قسم کی گانٹھ ہوجانے پر درد نہیں ہوتا بلکہ یہ دھیان رکھنا چاہئے کہ اس طرح کی گٹھلی یا گانٹھ اچانک نمودار ہوتی ہے ۔اس کے علاوہ خون کا نکلنا ،بغل میں گانٹھ ہوجانااور بریسٹ کی کھال کا رنگ تبدیل ہوجانا بھی خاص علامات میں سے ہے ۔
Comments are closed.