مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

موربی پل کے سانحہ پر اے ایم یو میں رنج و غم کا اظہار
علی گڑھ، 31 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) برادری نے گجرات کے موربی علاقے میں قدیم پل کے گرنے اور سیکٹروں افراد کی ناگہانی موت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا ’’میں المناک موربی سانحہ میں قیمتی جانوں کے اتلاف پر بہت افسردہ ہوں اور غمزدہ کنبوں کے تئیں دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور ان کے لئے دعاگو ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھودیا۔ اے ایم یو برادری بھی زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہے‘‘۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو ملاپورم سینٹر کے طلباء نے تارکین وطن کارکنوں کو قانونی حقوق کے بارے میں بتایا
علی گڑھ، 31 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)، ملاپورم سینٹر کے لیگل ایڈ کلینک کے زیر اہتمام طلباء نے تھوتھا، الیپرمب پنچایت میں مقیم تارکین وطن کارکنوں کو ان کے قانونی حقوق کے بارے میں معلومات فراہم کی۔
ڈاکٹر فیصل کے پی (ڈائریکٹر، ملاپورم سنٹر) نے بتایا کہ لیگل ایڈ کلینک کے طالب علم رضاکاروں نے تارکین وطن کارکنوں کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کے طرز زندگی، کنبہ اور دیگر امور کے بارے میں دریافت کیا۔ آگہی سیشن کے بعد 30 طالب علم رضاکاروں نے تارکین وطن کارکنوں کی ذاتی معلومات کے ساتھ ان کی شکایات پر مشتمل ڈاٹا جمع کیا۔
ڈاکٹر نسیمہ پی کے (چیئرپرسن، لیگل ایڈ سیل)، ڈاکٹر شائستہ نسرین (ٹیچر انچارج) اور ڈاکٹر شاہنواز احمد نے بتایا کہ تارکین وطن کارکنوں نے اس بیداری پروگرام کے سلسلہ میں اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کے مزید پروگراموں کے منتظر ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
’ڈروسوفیلا بطور ریسرچ ماڈل‘ موضوع پر ورکشاپ
علی گڑھ، 31 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے زولوجی شعبہ میں یکم تا 8نومبر ’’ڈروسوفیلا بطور ریسرچ ماڈل‘‘ موضوع پر ایک قومی ورکشاپ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔
پروفیسر محمد افضل (چیئرمین، شعبہ زولوجی) اور ڈاکٹر یاسر حسن صدیق ( جینیٹکس سیکشن، شعبہ زولوجی) نے بتایا کہ سائنس و انجینئرنگ ریسرچ بورڈ ، محکمہ سائنس و ٹکنالوجی سے اسپانسر شدہ اس ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر ایم وشنو وردھنا راؤ ( ڈائریکٹر، آئی سی ایم آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، نئی دہلی)بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔
٭٭٭٭٭٭
ایس ٹی آئی؍ آر ٹی آئی خدمات پر توسیعی خطبہ
علی گڑھ، 31 اکتوبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، اے ایم یو کے کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے زیر اہتمام ’نیشنل ایڈز و ایس ٹی ڈی کنٹرول پروگرام (این اے سی پی)‘ موضوع پر عالمی صحت تنظیم کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر ابھیشیک رائل نے توسیعی خطبہ پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ کس طرح نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام جنسی طور سے ہونے والے انفیکشن (ایس ٹی آئی) اور ری پروڈکٹیو ٹریکٹ انفیکشن (آر ٹی آئی) کے شکار مریضوں کو جامع اور معیاری خدمات فراہم کر رہا ہے۔
ڈاکٹر ابھیشیک نے پروگرام کے نفاذ کے مختلف چیلنجوں اور دیگر پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔
پروفیسر سائرہ مہناز (چیئرپرسن، شعبہ کمیونٹی میڈیسن) نے کہا کہ یہ لیکچر پوسٹ گریجویٹ نصاب میں کی گئی تبدیلیوں اور نیشنل میڈیکل کمیشن کے رہنما خطوط کے مطابق منعقد کیا گیا۔
دوسری طرف کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے ڈاکٹروں نے رورل ہیلتھ ٹریننگ سنٹر ، جواں کے صحت کیمپ میں شری متھرا پرساد ہائر سیکنڈری اسکول، قاسم پور روڈ کے 100 طلباء کو مفت طبی خدمات فراہم کیں اور جن طلباء کو خصوصی علاج کی ضرورت تھی انہیں جے این ایم سی ریفر کیا۔
پروفیسر سائرہ مہناز نے کہا کہ جے این ایم سی کے رورل اور اربن ہیلتھ ٹریننگ سنٹر کے زیر اہتمام وقفہ وقفہ سے صحت کیمپ منعقد کئے جاتے ہیں۔
ڈاکٹر عظمیٰ ارم (انچارج، رورل ہیلتھ ٹریننگ سنٹر) نے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے ہمراہ طبی کیمپ میں خدمات فراہم کیں۔
٭٭٭٭٭٭
ماحولیات دوست نمائش کا اہتمام
علی گڑھ 31 اکتوبر: یونیورسٹی ایکو کلب، کلچرل ایجوکیشن سنٹر، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے کینیڈی ہال کے لان میں کچرے کو کم کرنے، دوبارہ استعمال کرنے اور قابل استعمال بنانے کے موضوع پر ایک ’ماحولیات دوست نمائش‘ کا انعقاد کیا ۔ اس کا مقصد لوگوں کو ماحولیات کی حفاظت کرنے اور ماحولیات دوست مصنوعات کا استعمال کرنے کی ترغیب دینا تھا ۔
اے ایم یو کے اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے 300 سے زائد طلباء بشمول اے بی کے گرلز اسکول، اے بی کے بوائز اسکول، ایس ٹی ایس اسکول، اے ایم یو سٹی گرلز اسکول، راجہ مہندر پرتاپ اے ایم یو سٹی اسکول، عبداللہ اسکول، اے ایم یو گرلز اسکول، سینئر سیکنڈری اسکول-گرلز، سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول اور غیر سرکاری تنظیم عصمت سوسائٹی کے رضاکاروں نے شرکت کی اور اپنے فن پارے نمائش کے لیے پیش کئے۔
پروفیسر اصفر علی خاں (ڈائریکٹر، اے ایم یو ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن ) نے نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر علی جعفر عابدی (صدر، ایکو کلب) اور دیگر افراد موجود رہے۔ سکریٹری، ایکو کلب کلثوم صلاح الدین نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
٭٭٭٭٭٭
ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر، حج کمیٹی کا لیکچر
علی گڑھ، 31 اکتوبر: اجمل خاں طبیہ کالج ، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں اے ایم یو کے سابق طالب علم اور ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر، حج کمیٹی آف انڈیا، وزارت اقلیتی امور ڈاکٹر مسرور قریشی نے ایک خصوصی لیکچر میں طلباء کو یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کے امتحانات کی تیاری کے سلسلہ میں معلومات فراہم کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر مسرور قریشی کی عزت افزائی بھی کی گئی۔
جونیئر ڈاکٹرس ایسوسی ایشن (اجمل خان طبیہ کالج) نے اس پروگرام کا اہتمام کیا تھا۔
ڈاکٹر مسرور نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ملک اور ہم وطنوں کی خدمت کرنے کا عزم کریں۔ انہوں نے کہا: ’’حج کمیٹی آف انڈیا سول سروسز کے خواہشمندوں کو کوچنگ اور رہنمائی کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرتی ہے اور کمیٹی، اے ایم یو سے ایسے ہونہار طلباء کی تلاش میں ہے جو سول سروسز کے امتحانات میں کوالیفائی کر سکتے ہیں‘‘۔
ڈاکٹر مسرور نے طلباء پر زور دیا کہ وہ حج آفیسرز اور ایڈمنسٹریٹرز کے عہدوں کے لیے بھی درخواستیں دیں۔
اجمل خان طبیہ کالج کی پرنسپل پروفیسر شگفتہ علیم نے ڈاکٹر مسرور کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے اس سے قبل بطور ڈپٹی ڈائریکٹر، سی سی آر یو ایم، وزارت آیوش ان کے تعاون کے بارے میں بھی گفتگو کی۔
ڈاکٹر نوال الرحمان خاں ،صدر، جونیئر ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور شاہ عالم نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔ پروگرام کی نظامت مسٹر اعظم نے کی۔
٭٭٭٭٭٭
سر سید احمد خاں کی حیات و خدمات پر پروفیسر اختر الواسع کا خطبہ
علی گڑھ، 31 اکتوبر: پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ سر سید احمد خاں نے جدید تعلیم کی اہمیت کو محسوس کیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ذریعے ترقی، امن، ہم آہنگی اور سیاسی استحکام حاصل کریں۔
وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے یونیورسٹی ڈبیٹنگ اینڈ لٹریری کلب (یو ڈی ایل سی)میں سرسید احمد خاں کے 205 ویں یوم پیدائش کی تقریبات کے موقع پر یادگاری خطبہ دے رہے تھے۔
اے ایم یو کے ممتاز سابق طالب علم اور شعبہ اسلامیات، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پروفیسر ایمریٹس پروفیسر اختر الواسع نے اے ایم یو کی ابتدا کے بارے میں اور اسٹریچی ہال کی تعمیر کے سلسلہ میں سرسید کی علامہ شبلی نعمانی کے ساتھ تبادلہ خیال کے بارے میں گفتگو کی۔
انھوں نے کہا ’’سرسید ان اصلاح پسند اور ترقی پسند مفکرین میں سے ایک تھے جو کثیر ثقافتی سماج اور تمام طبقات کے لیے مساوی حیثیت پر پختہ یقین رکھتے تھے۔ انھوں نے ایک ہمہ جہت تعلیمی نظام کے لئے جدوجہد کی اور آزادانہ تقریر اور تنقیدی فکر کی اہمیت پر زور دیا‘‘۔
مہمان اعزازی مسٹر محمد عمران آئی پی ایس(رجسٹرار، اے ایم یو) نے طلباء کو تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کے لیے سخت جدوجہد کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ سرسید نے ہندوستان پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور ایک مصلح اور ماہر تعلیم کے طور پر ان کا زندگی بھر کا سفر ان کی لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ڈاکٹر صدف فرید (فیکلٹی ممبر، ویمنس کالج اور یو ڈی ایل سی صدر) نے واضح کیا کہ کس طرح سر سید نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کی وکالت کی۔ انہوں نے علی گڑھ تحریک پر گفتگو کی جس کا مقصد سماجی، سیاسی اور تعلیمی پہلوؤں کی اصلاح کرنا تھا۔
محمد صبیح احمد (یو ڈی ایل سی، سکریٹری) نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، جب کہ رمشا رفعت علی نے شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی اور مہمان اعزازی نے سرسید احمد خاں کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منعقدہ کوئز اور ڈیبیٹ مقابلوں کے فاتحین میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
محمد ریان آصف، فاضل جاوید اور شبھم کمار پر مشتمل ایس ٹی ایس اسکول، اے ایم یو کی ٹیم نے یو ڈی ایل سی کا کوئز مقابلہ جیتا۔ ماریہ صدف مہدی، زہرہ فاطمہ اور سمرہ حسن پر مشتمل اے ایم یو گرلز اسکول کی ٹیم نے دوم انعام حاصل کیا اور عفیفہ کلیم، گنجن اور علمہ خان پر مشتمل اے بی کے اسکول کی ٹیم نے سوم انعام جیتا۔
انگریزی میں ڈبیٹ مقابلہ عالمگیر سلطان نے جیتا جب کہ عالیہ حسن اور مریم حمیدہ بالترتیب دوم و سوم مقام پر رہے ۔ہندی ڈبیٹ میں تفسیر کوثر نے پہلا مقام اور فاتین رضا نے دوم مقام حاصل کیا ۔ اردو ڈبیٹ میں اول انعام بلال احمد نے حاصل کیا۔
ڈبیٹ مقابلے کے ججوں میں پروفیسر ثمینہ خان اور ڈاکٹر آفتاب عالم شامل تھے۔
ڈاکٹر صدف فرید نے ان مقابلوں کو طلباء کے لئے مفید قرار دیا۔ صبیح احمد (سکریٹری، یو ڈی ایل سی) نے کوئز مقابلے سے پہلے افتتاحی کلمات ادا کیے ۔ جویریہ رحمان، عائشہ تنویر اور صارم مصطفی خاں نے پروگرام کی نظامت کی۔ ڈبیٹ مقابلے کے بعد آمنہ عاصم خاں نے شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
جے این میڈیکل کالج کے ریڈیوڈائیگنوسس شعبہ میں یکم تا 5 نومبر مفت ایلاسٹوگرافی کیمپ
علی گڑھ 31 اکتوبر: جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کا ریڈیو ڈائیگنوسس شعبہ یکم تا 5 نومبر صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک جگر کے مریضوں کے لئے ایک مفت لیور شیئر ویو ایلاسٹوگرافی کیمپ منعقد کر رہا ہے۔
پروفیسر شگفتہ وہاب (چیئرپرسن، شعبہ ریڈیو ڈائیگنوسس) نے بتایا کہ جن مریضوں میں جگر کے عارضے کی علامات موجود ہوںوہ کیمپ میں مفت میں ایلاسٹوگرافی ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں قومی یوم اتحاد، رن فار یونٹی کا اہتمام کیا گیا
علی گڑھ 31 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) اور اس کے مختلف شعبوں میں راشٹریہ ایکتا دیوس (قومی یوم اتحاد ) کا اہتمام کرکے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کے 147 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول، احمدی اسکول فار دی ویژولی چیلنجڈ، سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول (بوائز)، سینئر سیکنڈری اسکول (گرلز)، اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول، اے ایم یو گرلز اسکول اور ایس ٹی ایس اسکول کے طلباء اور اساتذہ نے ایتھلیٹکس گراؤنڈ سے پانچ کلومیٹر کی دوڑ ’رن فار یونٹی‘ میں حصہ لیا، جسے یونیورسٹی رجسٹرار مسٹر محمد عمران آئی پی ایس اور پروفیسر سید امجد علی رضوی، سکریٹری، گیمز کمیٹی نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
مسٹر محمد عمران نے ‘رن فار یونٹی’ میں شرکت کرتے ہوئے یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ملک کے اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں۔
اے ایم یو کے ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج میں پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری نے فیکلٹی ممبران اور طلباء کو اتحاد کا حلف دلایا۔ انہوں نے ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے سردار ولبھ بھائی پٹیل کی زندگی اور خدمات سے تحریک لینے پر زور دیا۔
کالج کے اساتذہ اور طلباء ‘قوم کی تعمیر میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے کردار’ پر ‘اوپن مائک’ سیشن میں شریک ہوئے۔ پروفیسر سریندر کمار مشرا (شعبہ کنزرویٹیو ڈنٹسٹری اینڈاِنڈوڈونٹکس) نے ہندوستانی جدوجہد آزادی میں سردار پٹیل کی خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کے نظریہ انضمام پر بات کی جس کی وجہ سے ہندوستان کی تمام ریاستوں اور صوبوں کو متحد کیا گیا۔
ڈاکٹر صبا خان (شعبہ آرتھوڈانٹکس اینڈ ڈینٹوفیشل آرتھوپیڈکس) نے سردار پٹیل کی ریاستوں کی تنظیم نو میں یادگار کوششوں اور آزاد ہندوستان میں نائب وزیر اعظم کے طور پر ان کے کارناموں کا ذکر کیا۔
سردار پٹیل اور مہاتما گاندھی کی زندگی اور خدمات پر ایک مختصر ویڈیو بھی دکھائی گئی۔
سوشل ورک شعبہ میں پروفیسر نسیم احمد خان (چیئرمین) نے ملک کے اتحاد اور سالمیت کے تحفظ کا حلف دلایا۔ طلباء، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سردار پٹیل کے حوصلے ، غیر متزلزل حب الوطنی اور فولادی عزم سے متاثر ہونا چاہیے جس کی بدولت ریاستوں کو متحد کیا گیا۔ انھوں نے کہا ’’یہ دن اتحاد کو برقرار رکھنے کے بارے میں ہے، جو ‘پانچ پرن’ کا ایک اہم حصہ ہے، جس کا اعلان وزیر اعظم نے یوم آزادی کی تقریب میں کیا تھا‘‘۔
فیکلٹی ممبران ڈاکٹر محمد طاہر، ڈاکٹر قرۃ العین علی، ڈاکٹر شائنا سیف اور ڈاکٹر محمد عارف خاں نے بھی سردار پٹیل کی خدمات پر اظہار خیال کیا۔
شعبہ ہوم سائنس میں صدر شعبہ پروفیسر فرزانہ علیم نے اساتذہ، طلباء اور غیر تدریسی عملے کو اتحاد کا حلف دلایا۔ انھوں نے کہا ’’سردار ولبھ بھائی پٹیل ایک عظیم سماجی و سیاسی رہنما تھے جنہوں نے ایک متحد اور آزاد قوم کے لیے بے پناہ کام کیا اور ان کے یوم پیدائش کے موقع پر ہم سب کو ان کے پیغام کو پورے ملک میں پھیلانے کا پختہ عزم کرنا چاہیے‘‘۔
شعبہ اقتصادیات میں صدر شعبہ پروفیسر محمد عبدالسلام نے حاضرین کو اتحاد و یکجہتی کا حلف دلایا ۔ انہوں نے آزادی کی جدوجہد میں سردار پٹیل کی لگن اور قربانیوں پر بات کی جس میں انڈین یونین میں تقریباً 565 شاہی ریاستوں کے پرامن انضمام، باردولی ستیہ گرہ اور پہلے نائب وزیر اعظم اور پہلے وزیر داخلہ کے طور پر ایک نئے آزاد ہندوستان کی تعمیر میں ان کے کردارپر روشنی ڈالی ۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر شیریں رئیس نے کی۔ اس موقع پر شعبہ کے طلباء نے کوئز مقابلے میں بھی حصہ لیا۔
احمدی اسکول برائے ویژولی چیلنجڈ میں ایک ہفتہ تک جاری رہنے والی تقریبات کے ساتھ قومی یوم اتحاد منایا گیا جس میں طلباء نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔اس موقع پر سردار ولبھ بھائی پٹیل کی تعلیمات پر مضمون نویسی مقابلہ بھی منعقد کیا گیا۔
اسکول پرنسپل ڈاکٹر نائلہ راشد نے طلباء پر زور دیا کہ وہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی تعلیمات کو اپنائیں۔ ڈاکٹر ببلو قریشی نے جدوجہد آزادی میں سردار پٹیل کے کردار پر گفتگو کی۔
Comments are closed.