دیورا بندھولی ہالٹ کے قریب ٹرین سے گر کر 2 نوجوان کی دردناک موت ،مرنے والوں میں ایک پوپری جبکہ دوسرا آواپور کا، دونوں تھے خالہ زاد بھائی

جالے(محمد رفیع ساگر /بی این ایس) دربھنگہ-سیتامڑھی ریلوے سیکشن پر پیر کی دوپہر تقریبا 1 بجکر 45 منٹ پر دیورا ریلوے ہالٹ کے قریب دربھنگہ سے رکسول جا رہی ڈی ایم یو ٹرین 05207 سے گر کر دو نوجوانوں کی دردناک موت ہو گئی۔ دونوں کی شناخت وجے کانت ساہ کے 19 سالہ بیٹے وکرم کمار اور منوج ساہ کے 20 سالہ بیٹے ساحل کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ وکرم سیتامڑھی ضلع کے پوپری اور ساحل رکسول کے آدا پور کا رہنے والا بتایا جاتا ہے۔ دونوں آپس میں خالہ زاد بھائی تھے۔ دونوں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ چھٹھ کا تہوار منانے کے بعد دونوں ٹرین میں سفر کرنے کے ارادے سے گھر سے نکلے تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ٹرین دیورا ہالٹ سے سیتامڑھی کے لیے کھلی، وکرم کمار تھوڑی دور آگے جانے کے بعد ٹرین سے گر گیا۔ ٹرین کی زد میں آ کر اس کے جسم کے دو ٹکڑے ہو گئے تھے۔ اس کے بعد وکرم کو بچانے کی نیت سے ٹرین سے چھلانگ لگانے والا ساحل کمار بھی ٹرین کی زد میں آگیا اور اس کی دونوں ٹانگیں کٹ گئیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ وکرم کمار کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ساحل کمار تقریباً ایک گھنٹے تک موقع پر ہی تڑپتا رہا۔ اس دوران نہ پولیس اور نہ ہی کسی سماجی تنظیم کے لوگ اس کی مدد کے لیے آگے آئے۔ آخر کار ساحل کی اذیت ناک حالت میں موت ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دونوں کے اہل خانہ موقع پر پہنچ گئے۔ وہ دونوں لاشیں ایک پرائیویٹ گاڑی میں اپنے گھر لے گئے۔
دیورا بندھولی اسٹیشن ماسٹر محمد فضیل احمد نے بتایا کہ انہوں نے حادثے کے فوراً بعد سیتامڑھی جی آر پی کو اطلاع دی تھی لیکن واقعہ کے تین گھنٹہ بعد جی آر پی کا ایک کانسٹیبل موقع پر پہنچا، جب تک اس کے رشتہ دار لاش لے جا چکے تھے۔
Comments are closed.