گجرات میں موربی پل حادثہ کی ذمہ داری وزیراعلیٰ گجرات اوروزیراعظم کولینی چاہئے:ڈاکٹرقاسم رسول الیاس

نئی دہلی:یکم نومبر(پریس ریلیز)ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے احمد آباد کے موربی پل کے حادثہ میں مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی و تعزیت کر تے ہو ئے کہا کہ اس حادثہ کی جوابدہی گجرات کے وزیر اعلیٰ اور ملک کے وزیر اعظم کو کر نی چاہیے۔
ویلفیئر پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس بیان میں عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیاہے جس میں اس نے اس افسوسناک واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرانے کا حکم دیا ہے۔ ڈاکٹر الیاس نے اہل وطن کو یاد دلایا کہ جب مغربی بنگال میں اس طرح ایک پل ٹو ٹا تھا اس وقت ملک کے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ یہ خدا کا قہر نہیں بلکہ انسانی عمل کا نتیجہ ہے۔ یہ بات مبینہ موربی پل پر بھی چسپاں ہو تی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ گجرات پل کا سانحہ بھی حکومتی اداروں کے ذریعہ بد عنوانی کی بد ترین مثال ہے۔ سوال یہ پیدا ہو تا ہے کہ کس طرح ایک ایسی کمپنی جو تالے بنا نے کا کام کر تی ہے اس کو لٹکنے والے پل کی تزئین و جدید کاری اور دیکھ بھال کی ذمہ داری دی جاتی ہے۔انہوں نے آگے کہا کہ حکومت، حکومتی عہدیداروں اور سرمایہ داروں کی ملی بھگت نے اس ملک کو اندر سے کھوکھلا کر دیا ہے۔اس طرفداری و ا قرباپروری کی روش نے شفافیت اور کھلے پن کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ جس کا نتیجہ ہے کہ ایسے لوگوں کو ٹھیکہ مل جاتا ہے جو اس کے اہل ہی نہیں ہوتے جیسا کہ اس معاملہ میں ہوا۔
ڈاکٹر الیاس نے آگے کہا گجرات کے وزیر اعلیٰ اور ملک کے وزیر اعظم صرف مہلوکین کے ورثا کو 2 لاکھ روپے کا معمولی معاوضہ دے کر اس افسوسناک واقعہ کی ذمہ داری اور جوابدہی سے بچ نہیں سکتے۔

Comments are closed.