وزیراعظم مودی نےموربی پل حادثے کی جگہ کاکیامعائنہ، ہسپتال جاکرزخمیوں سےبھی ملاقات کی

نئی دہلی(ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے موربی میں پل حادثے کی جگہ کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے عہدیداروں سے واقعہ کے دن کے بارے میں بھی بات کی۔ بتا دیں کہ اتوار کی شام موربی میں پل حادثے میں 130 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی موربی میں پل حادثے کی جگہ پہنچ گئے ۔ جائے حادثہ کا دورہ کرنے سے قبل انہوں نے اس حادثے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی کی۔ وزیراعظم نے ہسپتال جا کر زخمیوں سے ملاقات بھی کی۔
انگریزوں کے دور کا یہ پل جسے کئی ماہ کی مرمت کے بعد کھول دیا گیاتھا۔ گزشتہ اتوار کو ٹوٹ گیا ۔ اس واقعے میں 47 بچوں سمیت 130 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ۔
پولیس کے مطابق جس وقت یہ پل ٹوٹا اس وقت اس پر 500 سے زائد افراد سوار تھے۔ جبکہ اس پل کی گنجائش صرف 125 افراد کے بوجھ کو اٹھانے کی تھی۔
اس پل کو اوریوا کمپنی کی جانب سے مرمت کے بعد کھول دیا گیا تھا۔ اس پل کے افتتاح سے قبل انتظامیہ سے فٹنس سرٹیفکیٹ بھی نہیں لیا گیا۔
اوریوا کمپنی کو پل کی مرمت کے لیے اسے آٹھ سے بارہ ماہ تک بند رکھنا تھا۔ لیکن غفلت کی وجہ سے چند ماہ تک مرمت کے بعد ہی اسے کھول دیا۔
اتوار کو اس پل کو دیکھنے کے لیے 400 سے زائد لوگوں کے ٹکٹ کٹے تھے۔ ٹکٹ کی قیمت 12 اور 17 روپے رکھی گئی تھی۔
گجرات کی فورینسک لیب کے مطابق تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ یہ پل اس لیے ٹوٹا کہ ایک وقت میں ضرورت سے زیادہ لوگ اس پر چڑھ گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق اوریوا کمپنی نے اس پل کی مرمت کے دوران پرانی کیبل بھی نہیں بدلی۔
اس واقعے کے بعد پولیس نے اوریوا کمپنی کے دو افسران سمیت کل 9 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔
اس پل کے ٹوٹنے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ جس میں لوگ پل ٹوٹنے کے بعد ایک دوسرے کے اوپر گرتے نظر آرہے ہیں۔

Comments are closed.