محکمہ ریونیو کی ٹیم نے قبرستان کی زمین کو کرایا قبضہ سے آزاد

دیوبند، 5؍ نومبر (سمیر چودھری؍بی این ایس)
تحصیل دیوبند کے تحت آنے والے گاؤں ہاشم پورہ میں قبرستان کی زمین کو ریونیو محکمہ کی ٹیم نے پیمائش کرنے کے بعد قبضہ سے آزاد کرانے کے احکامات دیئے۔ اس دوران ٹیم نے قبرستان کی پیمائش کرنے کی مخالفت کرنے والوں کو کارروائی کئے جانے کا بھی انتباہ دیا۔تفصیل کے مطابق ہاشم پورہ گاؤں کے لوگوں نے ایس ڈی ایم اور دیگر افسران سے شکایت کرکے قبرستان کی زمین پر ناجائز قبضہ کئے جانے کا الزام عائد کیا تھا، سنیچر کے روز ایس ڈی ایم کے حکم پر ریونیو محکمہ کی ٹیم نے ہاشم پورہ پہنچ کر وہاں کے قبرستان کی زمین کی پیمائش کرنا شروع کی،پیمائش کے دوران ٹیم کو قبضہ کرنے والوں کی جانب سے بھی مخالفت کا سامنا کرناپڑا، لیکن ٹیم نے زمین کی پیمائش کرکے قبرستان کی زمین کی نشاندہی کی اور قبضہ کرنے والوں کی جانب سے مذکورہ زمین پر ناجائز طریقہ سے لگائی جانے والی گنیّ کی فصل کو کاٹنے کے احکامات دیئے۔ قبرستان کی زمین کے دعویدار عثمان احمد انصاری نے بتایاکہ خسرہ نمبر 1450اور 1451؍ میں درج زمین قبرستان کی ہے، جس پر گاؤں کے کچھ لوگوں نے ناجائز طریقہ سے قبضہ کرلیا تھا،انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں گاؤں کے کچھ لوگوں نے پہلے بھی ایک شکایتی تحریر افسران کو دی تھی، انہوں نے بتایاکہ ریونیو محکمہ نے خسرہ نمبر 1451؍ کو قبضہ سے آزاد کرادیا تھا او ر اب مذکورہ ٹیم نے گاؤں کے لوگوں کی جانب سے تحریر دیئے جانے پر کارروائی کرتے ہوئے خسرہ نمبر 1450؍ میں درج زمین کوبھی قبضہ سے آزاد کرانے کے احکامات دے دیئے ہیں۔

Comments are closed.