مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

شعبہ طبیعیات میں نئے چیئرمین نے عہدے کا چارج سنبھالا
علی گڑھ، 5 نومبر: پروفیسر محمد سجاد اطہر کو تین سال کی مدت کے لیے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ طبیعیات کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ انھوں نے آج اپنے عہدے کا چارج سنبھالا۔
پروفیسر سجاد اطہر عالمی شہرت یافتہ فرمی نیشنل ایکسلریٹر لیبارٹری (فرمیلاب)، ریاست ہائے متحدہ امریکہ سے وابستہ ہیں جو ہائی انرجی پارٹیکل فزکس پر تحقیق کا بڑا مرکز ہے۔ وہ ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈامینٹل ریسرچ ، ممبئی سے بھی وابستہ ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مختلف اعلیٰ تحقیقی اداروں بشمول اسنوماس نیوٹرینو کولیبوریشن کے رکن ہیں۔
پروفیسر سجاد اطہر کے متعدد تحقیق مقالے معیاری رسائل و جرائد میں شائع ہوئے ہیں۔ فزکس کا نوبل انعام (2015) حاصل کرنے والے پروفیسر تاکاکی کجیتا کے ساتھ بھی ان کی تحقیق شائع ہوئی ہے۔ انہوں نے دیگر مصنفین کے ساتھ معروف کتاب ’دی فزکس آف نیوٹرینو انٹریکشنس‘ (کیمبرج یونیورسٹی پریس، جولائی) 2020) بھی تصنیف کی ہے۔
پروفیسر سجاد اطہر کو 27 سال کا وسیع تدریسی اور تحقیقی تجربہ حاصل ہے اور وہ متعدد اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں جس میں کوآرڈینیٹر، انوویشن کونسل اینڈ انکیوبیشن سینٹر؛ ’انویشن‘ کے لیے اے ایم یو ریسرچ اسکالرز کے انتخاب کے کوآرڈنیٹر ، اور نیشنل اسٹوڈنٹ ریسرچ کنونشن کے کوآرڈنیٹر کے عہدے شامل ہیں۔
پروفیسر سجاد اطہر اے ایم یو کی اکیڈمک پروگرامز کمیٹی اور گرین انرجی پروجیکٹ کے بھی رکن ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
مائیکرو بایولوجی شعبہ میں نئی چیئرپرسن مقرر
علی گڑھ، 5 نومبر: ڈاکٹر نازش فاطمہ کو تین سال کی مدت کے لیے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مائیکرو بایولوجی شعبہ کا نیا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر نازش گزشتہ 14 برسوں سے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل طلباء کو اور 17 برسوں سے انڈر گریجویٹ طلباء کو پڑھا رہی ہے۔ وہ 2007 میں اسسٹنٹ پروفیسر مقرر ہوئیں اور 2020 میں ایسوسی ایٹ پروفیسر بنیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (گرلز) میں کھیل کے میدانوں کا افتتاح
علی گڑھ 5 نومبر: اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (گرلز) میں پرائمری سیکشن کی نئی عمارت کے احاطے میں نئے تیار شدہ ہینڈ بال، والی بال اور کھو کھو کھیل میدانوں کا افتتاح عمل میں آیا۔
پروفیسر اصفر علی خاں (ڈائریکٹر، ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو)، پروفیسر ذکی انور صدیقی (ممبر انچارج، لینڈ اینڈ گارڈن شعبہ)، پروفیسر قدسیہ تحسین (ڈپٹی ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو)، راجیو کمار شرما (یونیورسٹی انجینئر)، ڈاکٹر ثمینہ (پرنسپل، اے بی کے اسکول) اور ڈاکٹر صبا حسن (وائس پرنسپل) نے گراؤنڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایک دوستانہ ہینڈ بال میچ بھی کھیلا گیا۔
افتتاحی تقریب کی نظامت ڈاکٹر فرحت پروین (پروگرام کوآرڈینیٹر) نے کی۔ اس موقع پر اسپورٹس ٹیچر شمشاد نثار اور محترمہ شاہین خان وغیرہ موجود رہے ۔
٭٭٭٭٭٭
جے این میڈیکل کالج میں پانچ روزہ مفت لیور شیئر ویو ایلاسٹوگرافی کیمپ
علی گڑھ، 5 نومبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ریڈیو ڈائیگنوسس شعبہ میں ڈاکٹروں نے پانچ روزہ مفت لیور شیئر ویو ایلاسٹوگرافی کیمپ میں مریضوں کے جگر کی جانچ کی اور انھیں ضروری مشورے دئے۔
ریڈیو ڈائیگنوسس شعبہ کی چیئر پرسن پروفیسر شگفتہ وہاب نے بتایا کہ کیمپ میں سو سے زائد مریضوں کو جگر میں اکڑن کے باعث میڈیکل کالج میں مزید علاج کرانے کا مشورہ دیا گیا۔
اس کیمپ میں ڈاکٹر رونق، ڈاکٹر اسرا، ڈاکٹر اشرف، ڈاکٹر سلیم، ڈاکٹر رخسار اور ڈاکٹر ارم نے مریضوں کے شیئر لیور ایلاسٹوگرافی ٹیسٹ کئے۔

 

Comments are closed.