کھتولی میں پانچ دسمبر کو ہوگا ضمنی الیکشن

بی جے پی رکن اسمبلی کی رکنیت منسوخ ہونے سے خالی ہوئی سیٹ
دیوبند،9؍ نومبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
دو سال کی سزا ہونے کے بعد خالی ہوئی کھتولی اسمبلی حلقہ کے رکن وکرم سینی کی رکنیت ختم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے کھتولی اسمبلی سیٹ پر انتخاب کا اعلان کردیا ہے اور اسی کے ساتھ ضلع مظفرنگر میں ضابطہ اخلاق کا نفاذ ہوگیا ہے ۔ کلکٹریٹ میں منعقدہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع الیکشن آفیسر وضلع مجسٹریٹ چندر بھوشن نے بتایا کہ خالی ہوئی کھتولی اسمبلی سیٹ پر پرچہ نامزدگی کا کام کلکٹریٹ احاطہ مظفرنگر میں اختتام پذیر ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ پرچہ نامزدگی 10نومبر سے شروع ہوکر 17نومبر تک داخل کئے جاسکیں گے جن کی جانچ 18نومبر کو ہوگی اور نام واپسی 21نومبر کو ہوگی۔ 5دسمبر کو ووٹنگ کی جائے گی اور 8دسمبر کو گنتی کرائی جائے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ اس کے لئے ایس ڈی ایم کھتولی کو آر او اور تحصیل دار کھتولی وبی ڈی او اے آر او بنایا گیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ پورے ضلع مظفرنگر میں ضابطہ اخلاق کا نفاذ ہونے کی وجہ سے اب کوئی نیا ٹینڈر نہیں نکالا جاسکے گا ۔ دیواروں پر لگائے گئے پوسٹر اور ہورڈنگ وغیرہ ہٹوائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پورے ضلع مظفرنگر میں دفعہ 144کا بھی نفاذ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ انتخاب کے لئے پوری طرح سے تیار ہے کیوں کہ ابھی 7مہینے قبل اسمبلی انتخابات کرائے گئے تھے ، اس لئے انتظامیہ ہر طرح سے تیار ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ 5جنوری 20122کی ووٹر لسٹ کی بنیاد پر ہی انتخاب ہوگا جن میں ووٹروں کی تعداد 3لاکھ 12ہزار 2سو 40ہے۔ لیکن پرچہ نامزدگی کے آخری روز تک ووٹ بنوائے جاسکیںگے۔ ایسے ووٹ الگ سے ووٹر لسٹ میں جوڑے جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی ووٹر 171 سینٹروں پر ووٹ ڈال سکیں گے سینٹروں پر سی سی ٹی وی اور ویب کیمروں سے نگرانی کی جائے گی، ہر سینٹر پر نیم فوجی دستوں کی بھی تعیناتی کی جائے گی ۔ الیکشن کمیشن نے بہار کیڈر کے آئی پی ایس افسر راجندر کمار اور ہماچل ریاست کے آئی ایس آفیسر راج کشن کو آبزرور تعینات کیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ کھتولی اسمبلی حلقہ میں 5زونل اور 26سیکٹر مجسٹریٹ بھی تعینات کئے جائیں گے ۔ اس دوران ایس ایس پی مظفرنگر ونت جائسوال اور اے ڈی ایم وغیرہ موجود رہے۔ دوسری جانب کھتولی اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کا اعلان ہوتے ہی پولیس انتظامیہ میں قصبہ میں لگے سیاسی پارٹیو ںکے ہورڈنگ ، بینر اور پوسٹر اتروانے شروع کردیئے ہیں ۔ ایس ڈی ایم ابھیشیک کمار اور سی او شکیل احمد نے پولیس اور نگر پالیکا ملازمین کو ساتھ لے کر قصبہ میں لگے سیاسی پارٹیو ںکے ہورڈنگ ، پوسٹر اور بینر اتروائے۔ افسران نے بتایا کہ ضمنی انتخاب کا اعلان ہوتے ہی ضابطہ اخلاق کا نفاذ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتاہوا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Comments are closed.