مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

وائس چانسلر نے شعبہ ارضیات میں ایکس آر ایف لیب کا افتتاح کیا
علی گڑھ، 12 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے شعبہ ارضیات (جیولوجی) میں جیو سائنسز اور دیگر متنوع خدمات کے لئے وقف ایک جدید ترین ایکس آر ایف لیب کا افتتاح کیا۔
وائس چانسلر نے کہا کہ یہ لیب میٹیریلس کے مادّی اجزاء ، چٹانوں اور دھاتوں کا فوری تجزیہ کرنے میں مدد کرے گی۔ انہوں نے شعبہ میں نئی نصب شدہ انجینئرنگ جیولوجی لیب کا معائنہ بھی کیا اور ملٹی ڈسپلنری ریسرچ اور بہتر کیریئر کے لیے طلباء کی رہنمائی کرنے پر اساتذہ کی تعریف کی۔
پروفیسر کنور فراہیم خان (چیئرمین، شعبہ ارضیات) نے بتایا کہ نمونوں کے غیر مضر کیمیائی تجزیہ کے لیے اس لیبارٹری میں ایکس آر ایف آلہ، مٹی کے تجزیہ کے لئے ڈائریکٹ شیئر آلہ اورپانی کی صفائی کے نظام کی خرید ،محکمہ سائنس و ٹکنالوجی کے ایف آئی ایس ٹی پروگرام کے تحت شعبہ ارضیات کو ملنے والی1.18 کروڑ روپے کی گرانٹ سے کی گئی ہے ۔ انہوں نے آلات کے لئے ضروری اشیاء کی خریداری کی خاطر یونیورسٹی فنڈ سے مطلوبہ گرانٹ کی منظوری پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔
افتتاحی تقریب میں پروفیسر محمد اشرف (ڈین، فیکلٹی آف سائنس)، پروفیسر قاضی مظہر علی، پروفیسر سفیان بیگ (پرنسپل، ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی)، پروفیسر عفیف اللہ خاں (او ایس ڈی، ڈیولپمنٹ)، پروفیسر سید نوشاد احمد (چیئرمین، شعبہ جغرافیہ) اور ڈاکٹر حارث حسن خان (چیئرمین، انٹر ڈسپلنری ڈپارٹمنٹ آف ریموٹ سینسنگ اینڈ جی آئی ایس ایپلیکیشنز) بھی موجود تھے ۔
پروفیسر ایم ای اے مونڈل نے پروگرام کی نظامت کی اور پروفیسر راشد عمر نے شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے ریزیڈنٹ ڈاکٹر نے پیپر پریزنٹیشن کے لیے انعام جیتا
علی گڑھ، 12 نومبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر ایم یاسر زبیر نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) پٹنہ میں منعقد ہونے والی ایپیڈیمیولوجی فاؤنڈیشن آف انڈیا کی تیسری سالانہ قومی کانفرنس 2022 میں مقالہ پیش کیا۔ ’’ علی گڑھ میں ذیابیطس کے مریضوں کی ریٹینوپیتھی سے متعلق علم ، رویہ اور عمل‘‘ موضوع پر ان کے مقالہ کو دوم انعام سے نوازا گیا۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر شاہنواز احمد، جونیئر ریزیڈنٹ، شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے کانفرنس میں اورل پیپر پیش کیا۔
٭٭٭٭٭٭
ٹیکہ کاری کیمپ
علی گڑھ، 12 نومبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے تحت چلنے والے رورل ہیلتھ ٹریننگ سینٹر (آر ایچ ٹی سی)، جواں کی جانب سے تیج پور گاؤں میں ایک مفت طبی کیمپ لگایا گیا۔
پروفیسر سائرہ مہناز (چیئرپرسن، شعبہ کمیونٹی میڈیسن) نے بتایا کہ ٹیکہ کاری کیمپ میں متعدد بچوں کو ٹیکے لگائے گئے۔ لوگوں کو ٹیکہ کاری کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹر عظمیٰ ارم (انچارج، آر ایچ ٹی سی) نے کہا کہ مستفیدین اور ان کے سرپرستوں کو اگلے دور کے لئے وقت بھی دیا گیا۔
٭٭٭٭٭٭
پوسٹ ہارویسٹ انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی شعبہ میں عالمی فوڈ ڈے کا اہتمام
علی گڑھ، 12 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے پوسٹ ہارویسٹ انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی شعبہ میں منعقدہ عالمی فوڈ ڈے 2022 پروگرام میں غذائی عدم تحفظ اور تغذیہ کی کمی کے بارے میں گفتگو کی گئی ۔
پروفیسر رئیس احمد (ڈین، فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز) نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ بہتر پیداوار، غذائیت، ماحولیات اور معیار زندگی سے متعلق مسائل کا عالمی سطح پر حل نکالنے کی ضرورت ہے۔
پوسٹ ہارویسٹ انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی شعبہ کے سربراہ پروفیسر صدف زیدی نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں غذا کا بحران دیکھا جار ہا ہے۔ کئی ممالک میں فاقہ کشی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے، اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں مجموعی ترقی کے باوجود بہت سے ممالک میں غربت ہے اور ہمیں اس کے خاتمہ کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔
پروفیسر صدف نے کوئز، پوسٹر سازی اور سلوگن لکھنے کے مقابلوں کے فاتحین میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
پروفیسر سید اخلاق احمد (کوآرڈینیٹر، سینٹر فار فوڈ سائنس اینڈٹکنالوجی) نے کہا کہ غذا کا عالمی دن اس امید کا اظہار ہے کہ فاقہ کشی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اناج اور غذا کو ضائع ہونے سے بچائیں۔
ڈاکٹر رئیس الاسلام نے طلباء کے تعاون سے عالمی یوم غذا کے مختلف پہلوؤں پر ایک معلوماتی پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیا۔
ڈاکٹر فیضان احمد کی رہنمائی نے طلباء نے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا اور ایک ڈراما بھی پیش کیا ۔ ڈاکٹر نازیہ تبسم نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔ پروگرام کی نظامت کلثوم شیروانی اور تنزیل فاطمہ نے کی۔
بعد ازاں ایم ٹیک کے نئے طلباء کے اورینٹیشن پروگرام میں تدریسی نظام اور دیگر متعلقہ امور پر گفتگو کی گئی۔
Comments are closed.