المنصور ٹرسٹ دربھنگہ کی کارکردگی قابل ستائش: خواجہ اکرام الدین /آفتاب احمد آفاقی/ محمد علی جوہر

المنصور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ دربھنگہ کی جانب سے شوکت ہاؤس پرانی منصفی میں نشست کا اہتمام
دربھنگہ (محمد رفیع ساگر /بی این ایس) المنصور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ دربھنگہ کی جانب سے شوکت ہاوس پرانی منصفی دربھنگہ میں شام چھ بجے ایک نشست کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں مولانا آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر شعبہ اردو للت نارائن متھلا یونیورسٹی کے پروگرام میں شریک ہونے والے معروف و مقبول مہمانان ادبا نے شرکت کی جن میں قومی کونسل نئی دہلی کے سابق صدرپروفیسرخواجہ اکرام الدین ، بی ایچ یو کے صدر شعبہ اردو پروفیسر آفتاب احمد آفاقی ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے صدر شعبہ اردوپروفیسر محمد علی جوہر قابل ذکر ہیں۔ ان کے علاوہ مقامی اہم شخصیات جن میں للت نارائن متھلا یونیورسٹی کے صدر شعبہ اردو پروفیسر محمد آفتاب اشرف کے ساتھ عالمی شہرت یافتہ شاعر پروفیسر عبد المنان طرزی، پروفیسر احتشام الدین ، سی۔ایم۔ کالج دربھنگہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عبد الحی ، ڈاکٹر مجیراحمد آزاد ، ڈاکٹر احسان عالم ، ڈاکٹر ارشد حسین سلفی، اور انور آفاقی شامل رہے۔ ڈاکٹر منصور خوشترنے مہمانوں کا استقبال متھلا کے رسم و رواج کے مطابق شال اور پاگ پہنا کر کیا ۔ مہمانان حضرات نے موجودہ ادبی صورت پہ گفتگو کی اور مولانا ابو الکلام آزاد کی یوم پیدائش کے موقع پر ہو رہے مختلف پروگرامز کا ذکر رہا۔ خواجہ اکرام الدین نے اس موقع پر المنصور ٹرسٹ کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کی کارکردگی پر میری نظر بہت پہلے سے ہے۔ ٹرسٹ نے اس علاقے میں اردو ادب کی ترقی کے لئے نمایاں کام انجام دیا ہے۔ انہوں نے منصور خوشتر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ اسی طرح اپنے مشن میں لگے رہیں۔ بی ایچ یو کے صدر شعبہ اردو پروفیسر آفتاب احمد آفاقی نے کہا کہ دربھنگہ کی ادبی سرگرمیوںمیں المنصور ٹرسٹ کافی سرگرم ہے۔ ٹرسٹ کی کارکردگی ہمیشہ نظر سے گزرتی رہتی ہے اور اطمینان ہوتا ہے کہ دربھنگہ میں اردو کی ترقی کے لئے نوجوان سرگرم ہیں۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر محمد علی جوہر نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی ۔ پروفیسر عبدالمنان طرزی نے تمام مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے انہیں دعاﺅں سے نوازااور اس طرح کی تقریب کو اردو تہذیب کی شاندار روایت قرار دیا ۔ انور آفاقی ،ڈاکٹر احسان عالم ، معروف افسانہ نگار ڈاکٹر مجیر آزاد، اردو دنیا کے سابق ایڈیٹر عبدالحی ، اسسٹنٹ پروفیسر( گیسٹ )ارشد حسین سلفی اور دیگر شرکاء موجود تھے۔
Comments are closed.