ولایت کا دروازہ صبح قیامت تک کیلئے کھلاہے: مولانا انصار احمدجامعی

جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام مسجد محمودہ پرم پوروہ میں جلسہ عظمت اولیاء کا انعقاد

کانپور(پریس ریلیز)جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام منعقد کئے جار ہے پندرہ روزہ اجلاس عظمت اولیاء کے تحت مسجد محمودہ پرم پوروہ میں جلسہ عظمت اولیاء کا انعقاد مولانا عبد الاول کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
جلسہ میں بطور مہمان خصوصی تشریف لائے مسجد محمودیہ اجیت گنج کے امام وخطیب مولانا انصار احمد جامعی نے فرمایا کہ ولایت کا دروازہ صبح قیامت تک کیلئے کھلاہے، کوئی انسان نبی بننا چاہئے یا صحابی بننا چاہے تو نہیں بن سکتا ہے لیکن اللہ کا ولی بننا چاہے تو بن سکتا ہے۔ ہم نے اولیاء کو کرامات سے جوڑا ہے ورنہ اصل بزرگی یہ ہے کہ انسان کی زندگی کے اندر تقویٰ ہو اور سنت پر عمل ہو۔ انہوں نے بتایا کہ کشف و کرامت کا ظاہر ہونا اللہ کادوست ہونے کی علامت نہیں ہے بلکہ اتباع سنت ہونا ضروری ہے۔ ولایت کا دروازہ بند نہیں ہوا، ولی بننا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ مسلمان جو سنت نبویؐ کو اپنی عملی زندگیوں میں بسا لے کوئی بھی کام سنت کے خلاف نہ کرے وہ ولی بن سکتا ہے۔ کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ اللہ کو ایک ادا پسند آجاتی ہے اور وہ اسے اپنا ولی بنا لیتا ہے۔ بہت سے واقعات ایسے ہیں جن میں ایک پل میں انسانوں کی زندگیاں بدل گئیں اور وہ ہر برے سے تائب ہوکر اللہ والا بن گیا۔ سچی توبہ کے ذریعہ آنکھوں سے نکلے ہوئے دو آنسو زندگی بدل دیتے ہیں۔ آج ہم سوچ رہے ہیں اتنے گناہ ہم سے ہوچکے ہیں ہم اللہ کے ولی کیسے بن سکتے ہیں، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے اپنی سابقہ گناہوں سے دل سے توبہ کرے اور اللہ کے حضور گرم گرم آنسو بہائے اللہ غفورالرحیم ہے تمام لغزشوں وکوتاہیوں کو معاف کردے گا۔
اس سے قبل جلسہ کا آغاز حافظ محمد عبد اللہ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ محمد فیاض نے نعت و منقبت کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض صدر جلسہ مولانا عبد الاول جامعی نے انجام دئے۔ اس موقع پر الطاف، محمود عدنان، محمد ارسلان، ثاقب، ہاشم، ماعون، شاہنواز، محمد فہدکے علاوہ کثیر تعداد میں عوام و خوص موجود رہے۔

Comments are closed.