مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

سوشل ورک شعبہ میں اورینٹیشن پروگرام
علی گڑھ، 15 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سوشل ورک شعبہ میں ماسٹر آف سوشل ورک کے پہلے سمسٹر کے طلباء کے لئے ایک اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد آرٹس فیکلٹی لاؤنج میں کیا گیا ۔
صدارتی کلمات میں اے ایم یو پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے سماجی بہبود کے کاموں میں حصہ لینے اور تنوع میں اتحاد کو فروغ دینے کے لئے نوجوانوں کو کام کرنے کی تلقین کی۔
فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر مرزا اسمر بیگ نے اپنے کلیدی خطاب میں اے ایم یو کی مختلف روایات کا ذکر کیا اور بتایا کہ یہ کس طرح دوسری یونیورسٹیوں سے منفرد ہے۔
شعبہ کے چیئرمین پروفیسر نسیم احمد خاں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں اورینٹیشن پروگرام کی اہمیت پر بات کی۔
تقریب کی نظامت کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد عارف خان نے اورینٹیشن پروگرام کے مقاصد بیان کئے۔ ڈاکٹر قرۃ العین علی نے اظہار تشکر کیا۔ پروگرام میں شعبہ کے اساتذہ موجود رہے۔
٭٭٭٭٭٭
ڈاکٹر پنکج کھراڈے نے ڈینٹل امپلانٹولوجی سے متعلق کورس کی رہنمائی کی
علی گڑھ، 15 نومبر : ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، اے ایم یو کے پراستھوڈونٹکس شعبہ کے استاد ڈاکٹر پنکج کھراڈے نے نئی دہلی میں منعقدہ انڈین پراستھوڈونٹک سوسائٹی (آئی پی ایس) کی گولڈن جبلی قومی کانفرنس میں ڈینٹل امپلانٹولوجی اور میکزیلری سائنس بون گرافٹنگ کے موضوع پر ایک کورس کی رہنمائی کی، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے طلباء اور اساتذہ شریک ہوئے۔
ڈاکٹر پنکج کھراڈے نے اِمپلانٹ اور دانتوں کی مصنوعی پیوند کاری سے متعلق مختلف تکنیکوں کا مظاہرہ کیا۔
بعد ازاں پروفیسر ڈاکٹر رنگاراجن ، قومی صدر، آئی پی ایس ، پروفیسر ڈاکٹر مہیش ورما ، وائس چانسلر، جی جی ایس-آئی پی یونیورسٹی، دہلی اور ڈاکٹر جنگلا ہری، قومی سکریٹری، آئی پی ایس نے ڈاکٹر کھراڈے کی عزت افزائی کی۔
٭٭٭٭٭٭
مکینیکل انجینئرنگ شعبہ کے زیر اہتمام ویبینار
علی گڑھ، 15 نومبر: زیڈ ایچ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مکینیکل انجینئرنگ شعبہ کے زیر اہتمام ’فلوڈائزڈ بیڈ گیسیفیکیشن آف ہائی ایش کول‘ موضوع پر منعقدہ ویبینار میں کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی)، کانپور کے مکینیکل انجینئرنگ شعبہ کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر سنتانو ڈے نے شفاف کوئلہ ٹکنالوجیز کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج کم ہو ۔ انھوں نے بتایا کہ بہت سے ممالک میں اب بھی بجلی پیدا کرنے میں کوئلہ کا بنیادی رول ہے۔
اپنے تیار کردہ گیسیفائر یونٹ پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سنتانو نے بتایا کہ گیسیفائر سے پیدا ہونے والی گیس کو کس طرح مختلف ایپلی کیشنز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے طلباء اور اساتذہ کے ساتھ ایک انٹرایکٹیو سیشن میں ان کے سوالوں کے جواب دیئے۔
خطبہ استقبالیہ میں پروفیسر ایم مزمل (چیئرمین، مکینیکل انجینئرنگ شعبہ) نے کم کاربن خارج کرنے والی قدرتی گیس کی ضرورت اور اس کے اثرات پر گفتگو کی۔
پروفیسر شاہ شہود عالم نے شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر ثناء الرحمن نے کی۔
پروگرام میں ملک و بیرون ملک سے فیکلٹی ممبران اور طلباء شریک ہوئے۔
٭٭٭٭٭٭
نئے صدر شعبہ
علی گڑھ، 15 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ زولوجی کے پروفیسر مختار احمد خاں کو 15 نومبر 2022 سے 2 جنوری 2025 تک کی مدت کے لیے شعبہ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
پروٹین ٹرن اوور کی حرکیات اور اجناس کی غذائی افادیت جیسے موضوعات، پروفیسر مختار کی خاص دلچسپی کے میدان ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی شہرت کے جرائد میں 70 سے زائد تحقیقی مقالے شائع کیے ہیں ۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے اسکولوں میں یوم اطفال منایا گیا
علی گڑھ، 15 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اسکولوں میں یوم اطفال پر ثقافتی پروگرام منعقد کیے گئے۔
معروف ماہر امراض اطفال ڈاکٹر حمیدہ طارق نے اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول-گرلز میں یوم اطفال پر ایک فیسٹیول کا افتتاح کیا جس میں اسکول کی طالبات نے کھانے کے اسٹال، فوٹو شوٹ پوائنٹس، رائیڈز، گیمز، آرٹ اور کرافٹ کی نمائش کے ساتھ سائنس کی نمائش لگائی تھی۔
ڈاکٹر صبا حسن (وائس پرنسپل، اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول-گرلز) نے بتایا کہ اسکول کے اساتذہ اور عملے کے ارکان نے فیسٹ کے انعقاد میں طالبات کی مدد کی۔
اسی طرح اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول میں یوم اطفال منانے کے لیے ایک خصوصی اسمبلی کے بعدخصوصی سیشن اور میلے کا اہتمام کیا گیا۔ طالبات نے ٹگ آف وار، جلیبی ریس، میتھ میٹکس ریس، شٹل رن، شاٹ پٹ اور لیمن ریس کے مقابلوں میں حصہ لیا۔
ثقافتی اور کھیلوں کی تقریبات کا افتتاح کرتے ہوئے اسکول پرنسپل ڈاکٹر محمد عالمگیر نے کہا: پنڈت جواہر لعل نہرو کا خیال تھا کہ بچے ہمیشہ قوم کی حقیقی طاقت رہیں گے۔ ان کا مشہور جملہ ہے کہ آج کے بچے کل کا ہندوستان بنائیں گے۔
ایس ٹی ایس اسکول میں منعقدہ خصوصی پروگرام میں پرنسپل فیصل نفیس نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے یوم اطفال کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ان پر زور دیا کہ وہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے وقت نکالیں۔
ڈاکٹر محمد عمر نے پنڈت جواہر لعل نہرو کی زندگی سے متعلق گفتگو کی ۔ اس موقع پر کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
٭٭٭٭٭٭
جے این ایم سی کے ڈاکٹروں نے پانچ سالہ لڑکے کی نادر سرجری کی
علی گڑھ، 15 نومبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کارڈیوتھوراسک سرجری شعبہ کے ڈاکٹروں نے پانچ سالہ بچے محمد کے پیر میں ’’پوپلائٹیل آرٹری بلاک‘‘ کی سرجری کرکے اسے ناقابل برداشت جسمانی اذیت سے راحت دلائی ۔
کارڈیوتھوراسک سرجری شعبہ کے سربراہ پروفیسر محمد اعظم حسین، جنہوں نے ڈاکٹر شمائل ربانی اور ڈاکٹر سیف علیم پر مشتمل اپنی ٹیم کے ساتھ سرجری کی، کہا کہ یہ بہت کم ہوتا ہے کہ اتنے چھوٹے بچوں میں پوپلائٹیل آرٹری بلاک بن جائے۔ یہ سرجری کافی پیچیدہ ہوتی ہے کیونکہ کسی بھی ناکامی کے نتیجے میں پاؤں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ سرجری کے دوران ڈاکٹر ندیم رضا نے انستھیسیا دیا۔
پروفیسر اعظم حسین نے وضاحت کی کہ اس طریقہ کار میں چیرا لگاکر انجیوگرام اور کیمرہ استعمال کرکے اس جگہ کا پتہ لگایا گیا جہاں شریان تنگ ہو رہی تھی۔ پھر ہم نے پوپلائٹیل شریان کو الگ کرکے عضلات، کنڈرا یا بینڈ کو کمپریشن سے آزاد کیا۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے سرجنوں کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش اور ملک کے دیگر حصوں کے مریض جے این ایم سی کو اس کے جدید طبی انفراسٹرکچر، بہتر رسائی اور آسان فالو اپ کے لیے ترجیح دیتے ہیں۔
پروفیسر ایم یو ربانی، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن نے کہا کہ ڈاکٹروں اور سرجنوں کی ہماری ٹیم پیچیدہ سرجری کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کے ساتھ ہر مریض کے کیس کا تجزیہ کرتی ہے۔ جے این ایم سی ملک کے اعلیٰ ترین اسپتالوں میں سے ایک ہے، جہاں ایسی سرجری کامیابی سے کی جاتی ہیں۔
جے این ایم سی کے پرنسپل پروفیسر راکیش بھارگو نے کہا کہ جے این ایم سی امید کی علامت ہے کیونکہ کمزور طبقات کے مریض یہاں بہت معمولی قیمت پر اپنا علاج کروا سکتے ہیں۔
بچے کو صحت یاب ہونے کے بعد بہار میں اپنے آبائی وطن سہسرام واپس جانے کے لیے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ اسے ٹانگ میں بھاری پن، پیر کے نچلے حصہ میں اینٹھن اور سوجن کی شکایت کے بعد مقامی ڈاکٹروں اور بہار اور اتر پردیش کے کئی اسپتالوں میں لے جایا گیا تھا لیکن جب کہیں اور اس کا مسئلہ حل نہیں ہوا تو اسے جے این ایم سی لایا گیا، جہاں کامیابی کے ساتھ اس کی سرجری کی گئی۔
اس سے قبل طبی جانچ کے دوران شعبہ ریڈیولوجی میں ڈاکٹر مہتاب احمد کی سی ٹی انجیوگرافی کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ بچے کے پیر میں پوپلائٹیل آرٹری بلاک ہے جس کو ٹھیک کرنے کے لیے فوری سرجری کی ضرورت ہے۔
٭٭٭٭٭٭
تعزیتی جلسہ
علی گڑھ، 15 نومبر: اے ایم یو گرلز اسکول کی بارہویں جماعت کی سائنس کی طالبہ صدف ناز کے ناگہانی انتقال پر آج ایک تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا۔
تعزیتی قرارداد پڑھتے ہوئے پرنسپل، آمنہ ملک نے گہرے دکھ اور صدمہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ’’ہم سوگوار کنبے کے دکھ درد میں شریک ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ انہیں اس مشکل وقت میں سکون اور حوصلہ ملے‘‘۔

 

Comments are closed.