بی جے پی نے اقتصادی طور پر ملک کو تباہ و برباد کردیا

دیوبند میں منعقد کانگریس کے پروگرام میں ضلع صدر چودھری مظفرعلی کا اظہار خیال، نوشاد قریشی کانگریس میں شامل
دیوبند،16؍نومبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
کانگریس پارٹی کی ایک میٹنگ کا انعقاد محلہ بیرون کوٹلہ میں واقع حاجی نوشاد قریشی کے دفتر پر کیا گیا ۔ میٹنگ کی صدارت کانگریس پارٹی کے ضلع صدر چودھری مظفر نے کی اور نظامت کے فرائض کانگریس کے شہر صدر تنظیم صدیقی نے انجام دیئے۔اس دوران کانگریس کے ضلع صدر چودھری مظفر وکانگریس پارٹی کے پی سی سی رکن راحت خلیل نے حاجی نوشاد قریشی کو کانگریس میں شامل کیا۔ اس موقع پر چودھری مظفر نے کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں پورے ملک کی اقتصادی حالت خراب ہوچکی ہے، کانگریس ہی ایک ایسی جماعت ہے جو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے اور کانگریس کے دور اقتدار میں ہی ملک نے ترقی کی ہے۔ جب سے بی جے پی برسراقتدار آئی ہے ملک کو بیچنے کا کام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس آنے والے بلدیاتی انتخابات میں جوش وخروش کے ساتھ حصہ لے گی اور کانگریس کے امیدوار اچھا مظاہرہ کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ دیوبند نگر پالیکا کے ممکنہ امیدوار اور کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے حاجی نوشاد قریشی کو محنت کے ساتھ انتخاب لڑایا جائے گا ۔ راحت خلیل نے کہا کہ کانگریس سبھی مذاہب کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے میں یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے پارٹی میں شامل ہوئے حاجی نوشاد قریشی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پارٹی میں شامل ہونے سے دیوبند میں کانگریس پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ حاجی نوشاد قریشی نے کہا کہ پارٹی کے عہدیداران نے پارٹی میں شامل کرکے مجھ پر جواعتماد کیا ہے میں اس پر کھرا اترنے کی کوشش کروںگا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی عوام کے مفاد کے لئے سڑکوں پر اترے ہوئے ہیں اور وہ بھارت جوڑو یاترا کررہے ہیں، انہیں سے متأثر ہوکر میں نے کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کے ہاتھوںکو مضبوط کروںگا اور پارٹی کا وفادار رہوںگا۔ میٹنگ میں پارٹی کے ضلع جنرل سکریٹری وریام خان ، یوسف خلیل، شہزاد عثمانی، افضال قریشی، انوار صدیقی، شہباز گوڑ، عاقل گوڑ، کلیم نمبردار ، کلیم قریشی، ریحان قریشی، گلشیر ملک، مظاہر قریشی، اکرام قریشی، اسلم قریشی، اسلام قریشی، سعید قریشی وغیرہ موجود رہے۔
Comments are closed.