وارثوں کی ضدوں میں مکان ٹوٹ گئے۔ان آندھیوں میں کئی خاندان ٹوٹ گئے

گلریزدیواسی کے اعزاز میں دیوبند میں شعری محفل منعقد
دیوبند،18؍ نومبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
گزشتہ شب مدھیہ پردیش کے ضلع دیواس سے آئے شاعر گلریز دیواسی کے اعزاز’ ایک شام گلریز دیواسی ‘ کے نام سے شعری محفل کا انعقاد نوجوان شاعر ڈاکٹر سلمان دلکش کے گھر محلہ ابوالمعالی میں کیاگیا۔ جس کی صدارت استاذ شاعر عبد اللہ راہی نے کی اور شمع روشن مہمان شاعر گلریز دیواسی نے کی۔اس دوران پروگرام کنوینر ڈاکٹر سلمان دلکش نے گلریز دیواسی کو مو منٹو اور شال پیش کرکے اعزازسے نوازا۔ شعری نشست میں دیر شب تک شعراء نے اپنا شاندار کلام پیش کیا۔ نشست میں پسند کئے گئے چنندہ اشعار قارئین کی نذرہیں۔
ہم تم اگر ملیں تو مکمل ہو زندگی۔۔۔خوشیاں تمہارے پاس ہیں غم میرے پاس ہیں۔ عبد اللہ راہی
پتھروں کے دل والے کانچ کے مکانوں میں ۔۔۔چہرے بھولے بھالے ہیں زہر ہے زبانوں میں تنویر اجمل
صداقت کی ہے یہی پہچان اصلی۔۔۔اگر سچ ہے تو پھر کڑوا لگے گا گلریز دیواسی
حوصلہ ہو اگر غم کے طوفان میں۔۔۔من کی کشتی تری پار اتر جائے گی زاہد دیوبندی
ایک دلکش سے ترنم کا ہوا تھا احساس۔۔۔کل کچھ اس طرح پکارا مری ماں نے مرا نام سلمان دلکش
وارثوں کی ضدوں میں مکان ٹوٹ گئے۔۔۔ان آندھیوں میں کئی خاندان ٹوٹ گئے جاوید آسی
ہمارے دشمنوں کو اب کوئی زحمت نہیں ہوگی۔۔۔ہمیں برباد کرنے کو ہمارے یار بیٹھے ہیں سہیل عاطر
مغفرت کیلئے شاید یہی کافی ہو ذکی۔۔۔سیکڑوں مرتبہ میت نے جو شانے بدلے ذکی ماہر
حوصلہ نہیں ہارو ابتدا کرو یارو۔۔۔۔۔اک چراغ جلنے سے سو چراغ جلتے ہیں عبد الرحمن سیف
تھکن کا لب پر گلہ نہیں ہے اور ایک مدت سے چل رہا ہے ۔۔۔طواف اسکا کرے گی منزل ارادہ جسکا اٹل رہا ہے راشد کمال
خصوصی شرکاء میں انوار حسین ،فرمان احمد،شاہ فیصل،حسان عثماین وغیرہ موجودرہے۔ آخر میں کنوینر ڈاکٹر سلمان دلکش نے سبھی کا شکریہ ادا کیا ۔

Comments are closed.