ہمارے نوجوان بچے اور بچیاں موبائل کے غلط استعمال سےبچیں : مولانا حبیب اللہ مدنی

نئی دہلی (مفتی ریحان قاسمی /بی این ایس)
جمعیۃ علماء ضلع شمال مشرقی دھلی کی جانب سے جاری اصلاحِ معاشرہ مہم کے تحت ایک پروگرام عمر مسجد کھجوری میں مولانا محمد ھارون قاسمی (صدر جمعیۃ علماء حلقہ کھجوری) اور قاری محمد انیس (سکریٹری جمعیۃ علماء حلقہ کھجوری) کی زیرِ نگرانی منعقد ہوا ، جسکی صدارت جناب قاری دلشاد احمد قمر مظاہری (نائب صدر جمعیۃ علماء صوبہ دھلی) نے فرمائی جبکہ نظامت کے فرائض مفتی محمد اکرم قاسمی (نائب ناظم جمعیۃ علماء حلقہ کھجوری و امام و خطیب بلال مسجد) نے انجام دئیے ۔
پروگرام کا آغاز مولانا محمد طاہر قاسمی (خازن جمعیۃ علماء حلقہ کھجوری وامام وخطیب تقوی مسجد) کی تلاوت قرآن پاک اور مفتی محمد جاوید قاسمی (امام و خطیب جنتی مسجد کھجوری) کی نعت شریف سے ہوا ۔
پروگرام کے مہمانِ خصوصی نبیرہ شیخ الاسلام جناب مولانا سید حبیب اللہ مدنی (صدر جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور وفرزند ارجمند ، امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب) کے خطاب سے قبل مولانا جمیل اختر قاسمی (ناظم جمعیتہ علماء ضلع شمال مشرقی دھلی) نے پروگرام کے مقاصد پر مختصراً روشنی ڈالتے ہوئے مہمانِ خصوصی کو خطاب کے لئے دعوت دی ، اور پھر مہمانِ خصوصی نے اپنے پرجوش اور جامع انداز میں نہایت ہی اہم اور قابل عمل بیان کرتے ہوئے ہم سب کو اللہ تعالیٰ کی جانب رجوع فرمانے اور برائیوں سے اپنے آپ کو دور رکھنے کی ضرورت کا احساس دلایا نیز شریعتِ مطہرہ کے مطابق اپنی زندگیوں کو گزار نے کی تلقین کی اور کہا کہ جنت اتنی آسانی ملنے والی نہیں ہے ، حضراتِ صحابہ کرام کی تاریخ خصوصا کربلا کے میدان میں حضرت حسین اور انکے اہل خانہ کی شہادت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج جس دین کی ہم نے دھجیاں اڑارکھیں ہیں ، یاد رکھو وہ دین ہم تک ایسے ہی نہیں پہونچا ، بلکہ بڑی قربانیوں کے نتیجہ میں میں پہونچا ہے ، حضراتِ صحابہ کرام نے بڑی قربانیاں دی ہیں ، جسکا ہمیں اندازہ نہیں ہے ، ہمیں صحابہ کرام کی تاریخ پڑھنے کی ضرورت ہے کہ کس طریقے سے انھوں نے دین و اسلام کی حفاظت کی اور آپنے آپ کو صو فی صد دین و ایمان کے سانچے میں ڈھالا ، آج ہم اپنے گریبانوں میں جھانک کر دیکھیں کہ ہم آج اپنے آپ کو کتنے فیصد دین کے مطابق ڈھالے ہوئے ہیں ، غور کریں اپنی زندگیوں میں ، کیا ہمارا کھانا پینا ، چلنا پھرنا ، سونا اٹھنا ، کاروبار ، تجارت ، معاملات ، تقریبات ، لین دین ، نکاح و شادیاں شریعت کے مطابق ہیں ؟ اگر نہیں ہیں تو کیوں نہیں ہیں ؟ یہ ایک بہت بڑا سوال ہے ہم سب کے لئے ، اور ہم سب کو اس سوال کا جواب دینا ہے ، کیسے دیا جائیگا ، صرف اور صرف اپنے آپ کو اسلام کے مطابق ڈھال کر ہی دیا جاسکتا ہے ، اسکے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں ہے ۔
میرے بھائیو ، بزرگو ، عزیزو ، یاد رکھو کہ اگر ہم اپنی حرکتوں سے باز نہ آئے تو ہمیں سر بلندی حاصل نہیں ہوسکتی ، اللہ کی خوشنودی حاصل نہیں ہوسکتی ، ہم اللہ کی رضا حاصل نہیں کرسکتے ، آج جدھر دیکھو بدعملی کا ماحول ہے ، بے عملی کا ماحول ہے ، اچھائیاں کم ہورہی ہیں اور برائیاں بڑھ رہی ہیں ، فضول خرچیوں میں ہم آگے ہیں اور انفاق فی سبیل اللہ میں پیچھے ، شادیوں میں ہزاروں روپے کے پٹاخے پھوڑدیتے ہیں مگر دین کے نام پر خرچ کرنے میں بخل سے کام لے تے ہیں ، رشتے دار اچھے ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں مگر خود اچھے نہیں بنتے ، نکاح میں لڑکی والوں سے جہیز طلب کرتے ہیں ۔
مولانا حبیب اللہ مدنی صاحب نے مزید کہا کہ اے ایمان والو اپنے نکاحوں کو آسان بناؤ ، نمازوں کی پابندی کرو ، روزے رکھو ، اگر تمھارے اوپر حج فرض ہوگیا ہے تو حج کرو ، یہ نہ کہو کہ ابھی تو بچوں کی شادی کرنی ہے ، اسکے بعد دیکھیں گے ، نہیں اگر حج فرض ہوگیا ہے تو فوراً حج کرو ، اپنے بچے اور بچیوں کو موبائل کے غلط استعمال سے بچاؤ ۔
مولانا مدنی نے اسکے علاوہ اور بھی بہت سی قیمتی باتیں قرآن و حدیث کی روشنی بیان کی ، جسکا لب لباب یہ ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے حکموں پر عمل درآمد کریں ، اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کی پابندی کریں ، جن چیزوں سے اللہ تعالیٰ نے ہمیں روکا ہے ان سے ہم باز آجائیں ، اور جن چیزوں کے کرنے کا حکم دیا ہے ان کو بجالائیں ۔
اخیر میں صدر جلسہ مولانا دلشاد احمد قمر مظاہری کی دعاء پر پروگرام اختتام پذیر ہوا ۔
اس موقع پر علاقے کے علماء کرام ، ائمہ عظام ، جمعیتہ علماء حلقہ کھجوری کے کارکنان و ذمہ داران اور عوام الناس نے کثیر تعداد میں شرکت فرمائی ۔
Comments are closed.