بھوپال اجتماع میں جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کی جانب سے مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا
جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کے صدر مفتی محمد احمد خان نے خدمت کرنے والے رضاکاران کو اعزاز سے نوازا
بھوپال: 22؍نومبر (پریس ریلیز) عالمی تبلیغی اجتماع اینٹ کھیڑی بھوپال میں گزشتہ 12 سالوں سے جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کی جانب سے ہر سال حضرت مولانا مفتی عبدالرزاق خان صاحب رحمۃ اللہ علیہ سابق نائب صدر جمعیت علماء ہند کی سرپرستی میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے، حضرت کی وفات کے بعد اب امیر شریعت مفتی اعظم مولانا مفتی محمد احمد خان صدر جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کی سرپرستی و نگرانی میں امسال بھی جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کی جانب سے 17؍ تا21؍ نومبر پانچ روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایمبولینس، ادویات، انجیکشن، آکسیجن کے بہترین انتظامات کے ساتھ ماہر ڈاکٹروں نے 24؍گھنٹے لاجواب خدمات انجام دیں، اور یہاں 5945 کے قریب مریضوں کا علاج کیا گیا جن میں 20 نازک کیسز (cractical pesent) بھی شامل تھے جنہیں کیمپ کی ایمبولینس کے ذریعے میدیکل کیمپ لایا گیا، اور انجکشن، آکسیجن، ادویات و ڈریسنگ کے ذریعے ڈاکٹروں کی ٹیم نے بہترین علاج کیا، اور 8 نازک کیسز ایسے بھی آئے، جنہیں کیمپ کی ایمبولینس کے ذریعے حمیدیہ اسپتال ریفر کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد راغب سلیم کی 32 افراد پر مشتمل ٹیم کی جانب سے 24 گھنٹے مسلسل شاندار خدمات انجام دیے جانے پر مولانا مفتی محمد احمد خان صدر جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش، مولانا محمد اسحاق قاسمی جنرل سکریٹری جمعیت علماء مدھیہ پردیش، حاجی عبدالرقیب، ڈاکٹر ساجد اندور کے ہاتھوں پوری ٹیم کو سرٹیفکیٹ دے کر سرفراز کیا گیا اور مفتی محمد احمد خان نے اس میڈیکل کیمپ میں خدمات انجام دینے والے رضاکاران کا بھی شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں اسی طرح بلکہ اس سے بھی بہتر خدمات کرتے رہنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
Comments are closed.