ساتویں کلاس کے طالب علم کی پٹائی، سب انسپکٹر معطل

زخمی کاشی کمار کو انصاف دلانے کےلیے چائلڈ لائن کی درخواست
دربھنگہ۔ ۲۷؍دسمبر: (محمد رفیع ساگر) سنگھواڑہ بلاک کے گورنمنٹ اپ گریڈیڈ مڈل اسکول کٹکا میں لنچ کے دوران سڑک پر کھیل رہے کلاس VII کے طالب علم کاشی کمار پر سنگھواڑہ پولیس کے ذریعہ مارپیٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔اس معاملے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایس ایس پی اوکاش کمار نے سنگھواڑہ تھانہ میں تعینات داروغہ اپندرسنگھ کو فوری طور پر معطل کردیا ہے اور پورے معاملے کی جانچ کی ہدایت دی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ پیر کو پیش آیا۔ چائلڈ لائن کے بلاک کوآرڈینیٹر منوہر جھا کا زخمی طالب علم سے بات کرتے ہوئے ویڈیو اور تصویر سوشل سائٹ پر وائرل ہو رہی ہے۔ایسا بتایا گیا ہے کہ سنگھواڑہ تھانہ کے ایس آئی اپندر سنگھ پٹرولنگ کے دوران کٹکا اسکول کے قریب سے گزر رہے تھے کہ پولیس کو دیکھ کر مذکورہ طالب علم نے نازیبا زبان استعمال کی جس کے غصے میں طالب علم کو بے رحمی سے پیٹا گیا جبکہ ایس آئی کا کہنا ہے کہ طالب علم مارپیٹ کے خوف سے بھاگتے ہوئے سڑک پر گر کر زخمی ہوگیا۔ زخمی طالب علم کاشی کمار کو سنگھواڑہ ہیلتھ سنٹر کے انچارج ڈاکٹر پریم چندر پرساد کے پرائیویٹ کلینک میں ابتدائی طبی امداد کے بعد بیتا کے آرتھوپیڈک ڈاکٹر اے کے پرساد کی کلینک میں علاج کیا گیا ہے۔سینے میں چوٹ کی وجہ سے ڈاکٹر نے فوری طور پر گرم پٹی باندھ دی ہے اور آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔اس وقت طالب علم کٹکا میں اپنے رشتہ داروں کے ساتھ رہ رہا ہے۔متاثرہ بچے کا کہنا ہے کہ چائلڈ لائن ٹیم کے رکن سنیل پاسوان کے ساتھ بلاک کوآرڈینیٹر منوہر جھا میرے گھر پہنچے اور سنگھواڑہ پولس کو صورتحال سے آگاہ کیا۔لیکن اس سمت میں پولس کی کارروائی صفر رہی۔دوسری طرف 23 دسمبر کو چائلڈ لائن بلاک کوآرڈینیٹر نے گرام پنچایت راج کٹکا کے سرپنچ کو تحریری درخواست دی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ 19 دسمبر کو دوپہر ایک بجے اوپندر پرساد سنگھ کی قیادت میں گشتی ٹیم سنگھواڑہ تھانے کے تحت اپ گریڈیڈ مڈل اسکول کٹکا کے قریب سے گزر رہی تھی۔اچانک بچہ سڑک پر آگیا تو آن ڈیوٹی افسر نے بچے کو گالی دی اور پھر پورا غصہ اس پر اتار دیا۔مارپیٹ سے15 سالہ کاشی کمارزخمی ہوگیا۔علاج کے لئے ڈاکٹرکے پاس لےجایاگیا تھا لیکن ڈاکٹر نے سینے اور کمر کی ٹوٹی ہوئی ہڈیوں کے بارے میں جانکاری دی جہاں اس کا علاج کیا جا رہا ہے۔تھانہ انچارج منیش کمار نے کہا ہے کہ ایسی کوئی شکایت میرے علم میں نہیں آئی ہے۔معاملہ سامنے آنے پر کارروائی یقینی کی جائے گی۔
Comments are closed.