اڈیشہ کے ہوٹل میں روسی قانون ساز مردہ پائے گئے

 

بھونیشور : روسی قانون ساز پاول انتوو اڈیشہ کے ایک ہوٹل میں مردہ پائے گئے۔ کروڑ پتی پاول اوڈیشہ کے رایاگڈا علاقے میں چھٹیاں گزارنے آئے تھے جہاں وہ اپنی 65 ویں سالگرہ منا رہے تھے۔ مقامی پولیس نے بتایا کہ 65 سالہ پاول انتوو ہفتے کے روز ہوٹل کے باہر خون میں لت پت پڑے پائے گئے۔ مبینہ طور پر ہوٹل کی تیسری منزل سے گر کر ان کی موت ہوئی ہوگی۔پولیس کے مطابق شبہ ہے کہ یہ خودکشی ہے کیونکہ انتوو مبینہ طور پر اپنے دوست کی موت کے بعد افسردہ تھا۔ انتوو کے ساتھی مسافر ولادیمیر بائیڈنوف 22 دسمبر کو ہوٹل کی پہلی منزل پر اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے۔ اس کے ساتھ شراب کی کچھ خالی بوتلیں تھیں۔ ضلع اسپتال لے جانے پر ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ انتوو کی موت کی تحقیقات کرنے والے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وویکانند شرما نے کہا کہ ان کے اہل خانہ کی اجازت سے اہلکاروں نے پیر کو پاول انتوو کی لاش کا آخری رسومات ادا کیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاول انتوو اور ولادیمیر بائیڈنوف کی موت دو دن کے وقفے سے اڈیشہ کے رائاگڈا ضلع کے ایک ہی ہوٹل میں ہوئی۔ یہ دونوں روسی صدر ولادیمیر پوتن پر تنقید کرتے رہے ہیں۔خاص طور پر، پاول انتوو، جو روس میں رکن پارلیمنٹ تھے۔ انہوں نے حال ہی میں یوکرین پر روسی حملوں پر تنقید کرتے ہوئے ایک پیغام بھیجا تھا۔ لیکن کئی رپورٹس کے مطابق بعد میں انہوں نے بیان واپس لے لیا تھا۔ہندوستان میں روسی سفارت خانے نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ہمیں اڈیشہ میں ہونے والے اس واقعے کے بارے میں علم ہے جہاں ہمارے دو شہریوں کی موت ہو گئی۔ہم مرنے والوں کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ مقامی حکام سے بھی رابطے میں ہیں۔جہاں تک ہم جانتے ہیں، پولیس کو ابھی تک ان المناک واقعات میں مجرمانہ عنصر نظر نہیں آرہا ہے۔

Comments are closed.