انجمن اہل السنہ والجماعۃ کا سالانہ اجلاس 3،4 اور 5 فروری کو

ممبئی۔۳۱؍دسمبر: پچھلے دوسال کوڈ ۱۹ نے زندگی کا سارا نظام متاثر کررکھا تھا، اس دوران کاروباری، خاندانی، تعلیمی، سماجی، مذہبی اور معاشرتی غرض کہ تمام ہی سرگرمیاں بڑی حدتک تعطل کا شکار رہیں، اللہ کے فضل سے اب حالات بہتر ہوئے ہیں اور حسب سابق تمام سرگرمیاں بحال ہوتی نظر آرہی ہیں، اللہ تعالی دوبارہ ایسے حالات سے سب کی حفاظت فرمائے ـ انجمن اہل السنہ والجماعۃ شہر کی ایک قدیم مذہبی تنظیم ہے جو گزشتہ تین دہائیوں سے دین حق کی ترویج واشاعت اور سماجی اصلاح کا کام کررہی ہے، اس کے تحت ہر سال عظیم الشان سہ روزہ اجلاس ہوتا ہے، پچھلے دوسال کرونا کی پابندیوں کی وجہ سے مجبورا آن لائن اجلاس منعقد کرنا پڑا تھا، الحمد امسال حسب سابق یہ سہ روزہ اجلاس عظیم الشان پیمانے پر کھلے میدان میں کیا جارہا ہے۔ انجمن اہل السنہ والجماعۃ کے ایک اخباری اعلامیہ کے مطابق اس مرتبہ یہ اجلاس ممبئی کے وائی ایم سی اے گراونڈ میں مورخہ، 3 ‘ 4 ‘ 5 فروری 2023ء بروز جمعہ، سنیچر، اتوار مغرب بعد منعقد ہوگا، اس عظیم اجلاس میں درج ذیل اکابر علماء تشریف لارہے ہیں۔امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب صدر جمیعۃ علماء ہند، حضرت مولانا سلمان بجنوری صاحب استاذ دارالعلوم دیوبند، حضرت مولانا خالد غازی پوری صاحب استاذ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو، حضرت مولانا معصوم ثاقب صاحب مہتمم مدرسہ امدادیہ رائے چوٹی، حضرت مولانا انعام احمد صاحب مبلغ دعوت الحق ہردوئی اور قاطع شکیلیت حضرت مولانا اسعد قاسم صاحب سنبھلی ـ ان کے علاوہ کچھ اور علماء کرام سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے۔انجمن کے ذمہ داران مولانا زین الدین خاں، مولانا محمود دریابادی، مولانا رشید ندوی ودیگر اراکین نے برادران ملت سے اپیل کی ہے کہ اس عظیم الشان اصلاحی اجلاس میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرکے اکابر علماء کے مواعظ حسنہ سے مستفض ہوں ۔
Comments are closed.