لڑکی کو اغوا کر کے اجتماعی عصمت دری

 

موتیہاری۔ ۲؍جنوری: نئے سال کے جشن کے درمیان ضلع کے سنگرام پور تھانہ علاقے کے ایک گاؤں سے شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں بدمعاشوں نے گھر کے دروازے پر اپنی چھوٹی بہن کے ساتھ ٹہل رہی ایک لڑکی کو جبراً اٹھا کر عصمت دری کی واردات کو انجام دیا ہے۔متاثرہ لڑکی کے والد کی درخواست پرخاتون تھانہ نے ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس مسلسل چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ لڑکی اپنے گھر کے دروازے پر ٹہل رہی تھی۔ اسی دوران کچھ بدمعاشوں نے اسے زبردستی اغوا کر کے زیادتی کی واردات کو انجام دیاہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ متاثرہ کے والد کے مطابق ہفتہ کی رات کھانا کھانے کے بعد دونوں بیٹیاں ٹہل رہی تھیں۔ اسی دوران کچھ نوجوانوں پہنچ کر ان کی بڑی بیٹی کو اغوا کر لیا۔چھوٹی بیٹی نے واقعے کی اطلاع دی جس کے بعد لواحقین نے رات بھر تلاش کیا لیکن لڑکی کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ اتوار کے روز لڑکی نے گھر واپس آکر اپنے ساتھ ہوئی زیادتی کا واقعہ بتایا جس کے بعد متاثرہ کے والد نے موتیہاری خاتون تھانہ پہنچ کر شکایت درج کرائی۔ خاتون تھانہ پولیس نے لڑکی کی میڈیکل جانچ کرائی ہے۔ میڈیکل جانچ میں عصمت دری کی تصدیق ہونے پر ایف آئی آر درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپہ ماری کی جارہی ہے۔

Comments are closed.