گرجا گھروں کی توڑ پھوڑ شرمناک، فوری تحقیقات اور مجرموں کو گرفتار کیا جائے۔ ایس ڈی پی آئی

نئی دہلی۔(پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے قومی جنرل سکریٹری الیاس محمد تمبے نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں چھتیس گڑھ کے نارائن پور ضلع میں ایک چرچ کی توڑ پھوڑ کی ویڈیوز اور تصاویر آنے کے بعد اس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حملے شرمناک ہیں اور چرچ پر حملہ کرنے والوں نے ہمیں اور ہماری جمہوریت کو شرمندہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم چھتیس گڑھ کے نارائن پور میں ایک پرتشدد ہجوم کی طرف سے توہین آمیز فعل کی شدید مذمت کرتے ہیں، مدر میری کے مجسمے کو جس طرح سے توڑا گیا ہے وہ حملہ آوروں کی غیر انسانی فطرت کو ظاہر کرتا ہے۔ چاہے وہ کوئی بھی ہوں اور وہ کسی بھی راستے پر چلیں، یہ یقینی طور پر ناقابل معافی ہے۔ انہوں نے قصورواروں کی فوری گرفتاری اور تباہی کے اصل منصوبہ سازوں کو سامنے لانے کیلئے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری الیاس محمد نے پولیس سپر نٹنڈنٹ سدانند کمار پر حملے کی بھی مذمت کی اور ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ حملہ آور کو پکڑے اور تمام مذاہب کے عبادت گاہوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ایس ڈی پی آئی تمام عقائد وں کا احترام اور لوگوں کے اپنی پسند کے کسی بھی مذہب کو ماننے اور اس پر عمل کرنے کے حق میں ہے۔ گرجا گھروں اور دیگر عبادت گاہوں پر با ر بار ہونے والے حملے انتہائی تشویشناک ہیں۔

Comments are closed.