بہار میں آج سے تاریخی کام شروع ہو رہا ہے: تیجسوی یادو

پٹنہ(ایجنسی) بہار میں آج سے ذات پات کا سروے شروع ہونے جا رہا ہے۔ ریاست کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے اس موقع پر کہا کہ آج ایک بہت ہی تاریخی کام شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس کا فیصلہ بہت پہلے ہو چکا تھا۔ ہمارے لوگوں کا یہ مطالبہ پہلے بھی رہا ہے۔ لیکن مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں بھی اسے ملتوی کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منموہن حکومت نے بھی یہ کام لالو جی کے رہتے ہوئے کروایا تھا۔ اس میں تمام چیزیں تھیں لیکن بعد میں بی جے پی کے لوگوں نے ڈیٹا کو کرپٹ بتایا۔
اس کے بعد ہم نے ودھان سبھا میں ایک تجویز پیش کی تھی، وزیر اعظم سے بھی ملاقات کی تھی۔ حکومت ہند سے پورے ملک میں ایسا کرنے کا مطالبہ کیا تھا، بی جے پی غریب اور دلت مخالف ہے، یہ لوگ نہیں چاہتے کہ ذات پات کی مردم شماری ہو۔ اس لیے انہوں نے ہر ممکن کوشش کی تاکہ صحیح اعداد و شمار سامنے نہ آئیں۔ اسی لیے انہوں نے ڈیٹا کو کرپٹ کہا۔ لیکن آج سے یہ شروع ہو رہا ہے جسے کاسٹ بیسڈ سروے کا نام دیا گیا ہے۔ جس سے ہمارے پاس اعداد و شمار ہوں گے، اس کے مطابق ضروری اور فلاحی منصوبے بنائے جائیں گے۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ پتہ چلے گا کہ کس کو آگے بڑھانا ہے، کون بے زمین ہے، کون نالے صاف کرتا ہے، کون کچرا اٹھاتا ہے اور کون بھیک مانگتا ہے۔ ہمارے پاس یہ تمام اعداد و شمار ہوں گے۔ اس سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ کیونکہ وہ نہیں چاہتی کہ یہ اعدادوشمار منظر عام پر آئے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نے اپنے دورے کا مقصد بھی بتایا ہے، لیکن ہم تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہو کر الیکشن لڑنا چاہتی ہیں، جس پر جو کوئی تبصرہ کرنا چاہے آزاد ہے، کسی پر کوئی پابندی نہیں۔

Comments are closed.