دوران پرواز خاتون مسافر پر پیشاب کرنے والا شنکر مشرا گرفتار

 

پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے ملزم کو ۱۴دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا

نئی دہلی۔۷؍ جنوری: ایئر انڈیا کے ایک مسافر پر پیشاب کرنے کے معاملے میں ملزم شنکر مشرا کو بنگلورو سے گرفتار کیا گیا ہے۔ سنیچر کو پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے شنکر مشرا کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیاتفتیشی افسر (آئی او) کے عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد آیا کہ مشرا جانچ میں تعاون نہیں کر رہے تھے۔ پولیس نے مشرا کے تین دن کے ریمانڈ کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ تاہم عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ پہلی نظر سے ایسا لگتا ہے کہ ملزم جان بوجھ کر تفتیش میں شامل ہونے سے گریز کر رہا تھا۔ اپنے حکم میں عدالت نے یہ بھی کہا کہ دوسرے گواہوں کی جانچ کے لیے ملزم کی جسمانی موجودگی ضروری نہیں ہے اور اسے پولیس کی تحویل میں لیے بغیر سیکشن 164 سی آر پی سی کے تحت بیانات ریکارڈ کیے جا سکتے ہیں۔نیو یارک سے دہلی ایئر انڈیا کی پرواز میں ایک خاتون ساتھی مسافر پر مبینہ طور پر پیشاب کرنے والے شخص کی شناخت شنکر مشرا کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا گیا کہ وہ ممبئی کا رہنے والا ہے۔ دہلی پولیس نے شنکر مشرا کو گرفتار کیا ہے، جس نے نیویارک سے دہلی فلائٹ میں ایک خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی اور اس پر پیشاب کر دیا تھا۔ دہلی پولیس نے اس شخص کو بنگلور سے گرفتار کیا ہے۔ دہلی پولیس ذرائع کے مطابق شنکر مشرا ممبئی کے میرا روڈ پر رہتا ہے۔ پولیس کئی دنوں سے اس کی تلاش میں تھی۔اس سے قبل شنکر مشرا کے وکیل نے جمعہ کو متاثرہ خاتون کے کچھ پیغامات شیئر کیے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ اس نے مبینہ فعل کو معاف کر دیا ہے اور شکایت درج کرانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ملزم شنکر مشرا کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ ان کے مؤکل نے متاثرہ کو 15 ہزار روپے بطور معاوضہ ادا کیا تھا جسے بعد میں متاثرہ کے خاندان نے واپس کر دیا تھا۔ دریں اثنا شنکر مشرا کے والد نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ ان کے بیٹے کے خلاف الزامات مکمل طور پر جھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سراسر جھوٹا مقدمہ ہے۔ میرے بیٹے کے مطابق اس نے فلائٹ کے دوران کھانا کھایا اور سو گیا تھا۔ اس کی عمر 34 سال ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ وہ ایسا کچھ کر سکتا ہے۔ اس کی ایک بیٹی بھی ہے۔اس سے قبل پولیس نے کہا کہ ملزم کے خلاف ایک لک آؤٹ سرکلر (ایل او سی) جاری کیا گیا تھا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا تھا کہ شنکر مشرا ممبئی کا رہنے والا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ شنکر ایک تاجر ہے۔ اس واقعے کے سامنے آنے کے بعد امریکی ملٹی نیشنل کمپنی ویلز فارگو، جس کا ہیڈ کوارٹر کیلیفورنیا میں ہے نے شنکر کو نائب صدر کے عہدے سے ہٹا دیا۔

Comments are closed.