مردم شماری کے کام میں سرکاری عملہ کا تعاون کریں،ملی کونسل کی اپیل

 

پھلواری شریف8جنوری(پریس ریلیز)

آل انڈیاملی کونسل،بہارکے کارگزارجنرل سکریٹری مفتی محمدنافع عارفی نے اپنے اخباری بیان میں کہا ہے کہ بہارسرکارنے مردم شماری کاکام 7جنوری سے شروع کردیاہے۔ مردم شماری کا یہ کام دو مر حلے میں پورا کیا جائے گا۔ پہلے مرحلہ میں پورے ریاست میں مکان شماری کا کام 21 جنوری 2023 تک چلے گا۔اس کے بعد دوسرے مرحلے میں مردم شماری کی جائے گی۔ اعلان کے مطابق ذات پر مبنی مردم شماری کا عمل اپریل 2023 میں کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں سرکاری عملہ ہر محلہ میں جا کر ہر گھر کا شمار کریں گے اور ہر گھر پر نمبر دے کر گھر کے مکھیاکا نام اور گھر میں رہنے والے افرادکی تعداد درج کریں گے۔اگر ایک گھریاخاندان میں 4 بھائی یا 4 فرد الگ الگ رہتے ہیں اور جن کا چولہا الگ ہو (وہ آپس میں بھائی یا رشتہ دار ہی کیوں نہ ہوں) ان کو الگ خاندان مانا جائے گا اور ان کی گھر شماری بھی الگ کی جائے گی۔ جیسے کسی گھر میں 4 بھائی یا 4 دوسرے لوگ رہتے ہیں، ان کا چولہا الگ الگ جلتا ہے اور اس کا گھر شماری نمبر 25 ہے تو گھر شماری میں 25 الف، 25 ب 25 ج 25 د لکھ کر سارے خاندان کا الگ الگ نمبر درج کیا جائے گا۔ اسی طرح اگر کوئی خاندان کسی وجہ سے باہر ہو فی الحال گھر بند ہوتو ایسی صورت میں بند پڑے اس گھر کا بھی شمار کیا جائے گا اور گھر کا نمبر بھی دیا جائے گا۔

مولانا نے آگے کہا کہ مردم شماری کے اس کام میں سرکاری عملہ کا تعاون کریں اور جب سرکاری ملازم آپ کے گھر پر اندراج کے لیے آئیں تو صحیح صحیح جانکاری اپنی نگرانی میں درج کرائیں۔ اسی طرح مسجد، مدرسہ، عبادت خانہ، کمیونٹی ہال اور دوسرے عوامی مقامات کا بھی اندراج اپنی نگرانی میں صحیح صحیح کرائیں۔گھر کے مکھیا کا نام اور گھر کے دیگر ممبران کی تعداد درج کرانے میں اس بات کا ضرور خیال کریں کہ اس میں وہی نام لکھوائیں جو آدھار کارڈ، الیکشن آئی ڈی کارڈ،سرٹیفکیٹ یا کسی دوسرے دستاویز میں درج ہو۔ نام لکھوانے میں کوئی غلطی نہیں ہونی چاہئے۔ اور کوئی بھی مکان اندراج سے چھوٹنے نہ پائے۔

اپریل 2023 میں مردم شماری کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا،اس میں مذہب، ذات و برادری کی تفصیل درج کی جائے گی۔ اس وقت مکان شماری کی فہرست مردم شماری عملہ کے ساتھ ہوگی اور اسی کے لحاظ سے مردم شماری کی جائے گی۔ اس لیے مکان شماری صحیح طریقے سے ہونی چاہئے۔یہ کام کافی اہم ہے اسے مکمل اور کامیاب کرنے میں مردم شماری عملہ کا بھر پور تعاون کریں اور علاقہ کے لوگوں کو بھی اس سلسلہ میں بیدار رہیں۔ اس بابت اگر کوئی دشواری ہو، یا عملہ کی طرف سے کوئی منفی بات سامنے آئے تو اس کی اطلاع فوراً اپنے بلاک کے بی ڈی او کولازمی طور پر دیں، ضرورت ہو تو ضلع کلکٹر سے بھی شکایت کریں۔

Comments are closed.