ہریانہ میں لیڈیز اسپیشل بھارت جوڑو یاترا

کثیر تعداد میں خواتین کی شرکت، کسان لیڈر ٹکیت سمیت کئی رہنمائوں کی راہل سے ملاقات، دہلی چنڈی گڑھ ہائی جام، جموں میں قافلے کے داخلے سے قبل ایجنسیاں الرٹ
چنڈی گڑھ۔۹؍ جنوری: ہریانہ میں راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے بھارت جوڑو یاترا کا زبردست استقبال ہوا، پیر کی صبح راہل گاندھی نے خان پور کولیا سے یاترا کی شروعات کی، جس کے بعد دہلی چنڈی گڑھ ہائی وے پر تیوڈا میں سردار جی ڈھابہ پر قیام کیا، یہاں تقریباً ۴۰ منٹ تک راہل گاندھی ٹھہرے رہے۔ اس کے بعد شاہ آباد کے ریسٹ ہائوس میں صبح کے بریک کے بعد راہل گاندھی نے کسان لیڈران سے گفتگو کی، راہل کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹہ کسان لیڈر راکیش ٹکیت، یودھ ویر سنگھ، یوگیندر یادو کے علاوہ پنجاب کے بھی کسان مختلف مسائل کے علاوہ دہلی بارڈر پر ایک سال چلے کسان آندولن کو لے کر بات چیت کی۔ راہل نے جاننے کی کوشش کی کہ آخر اتنی بڑی تحریک کیسے چلی؟ گائو پٹی بوری پور سے یاترا دوبارہ شروع ہوئی، جس میں کسان لیڈر کے علاوہ دیگر لیڈران راہل گاندھی کے ساتھ مارچ میں شریک ہوئے، دہلی چنڈی گڑھ ہائی وی پرعوام کے اژدہام کی وجہ سے زبردست جام لگ گیا۔ راہل گاندھی کی یاترا آج لیڈس اسپیشل تھی اس میں بڑی تعداد میں خواتین شریک ہوئیں، کانگریس کی طرف سے زیادہ سے زیادہ خواتین کو اس میں شرکت کی درخواست کی گئی تھی۔ راہل گاندھی نے خواتین کی شرکت پر کہاکہ ہمارے ملک کی خواتین کا آزاد بھارت کی تعمیر میں زبردست قربانی رہی ہے، خواہ وہ مجاہد آزادی کے طور پر ہو یا آئین تاریخ بنانے میں ہو، یا عوامی خدمات کے طو رپر سیاست میں ہو۔ سروجنی نائیڈو، وجے لکشمی، سچیتا کپلانی، درگا بائی دیشمکھ، راج کماری امرت کور، ہنسا مہتا، اور ارونا آصف علی جیسی عظیم خواتین نے جہاں آزادی میں اپنی جدوجہد کی مثال قائم کی ہیں وہیں اپنے علم، دانش مندی اور دور اندیشی کے سبب آئین بنانے میں مددگارومعاون بنیں۔ اندرا گاندھی ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم بنی، اور اپنی بے مثال قیادت کی وجہ سے ’خاتون آہن‘ قرار پائیں۔ دریں اثناء راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا آئندہ کچھ دنوں میں پنجاب اور جموں و کشمیر میں داخل ہوگی۔ ذرائع کے مطابق دونوں ریاست حساس ہیں، ایسے میں یاترا کے دوران راہل گاندھی کی سیکورٹی کو لے کر سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ پر ہیں اور دونوں جگہ پختہ تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ سی آر پی ایف نے سیکورٹی ریویو بھی کیا ہے۔ سیکورٹی ایجنسیوں کے ذریعہ مناسب سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے ساتھ مقامی پولیس سے کوآرڈنیشن کا عمل بھی کیا جا رہا ہے۔جانکاری کے مطابق اسی ماہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا پنجاب اور پھر جموں و کشمیر پہنچے گی۔ اسی کو لے کر مرکزی سیکورٹی ایجنسیوں نے پنجاب اور جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ رابطہ کیا ہے اور جس بھی جگہ سے راہل گاندھی کی یاترا گزرے گی، وہاں کی جانکاری دینے کو کہا ہے۔ یاترا کے دوران سی آر پی ایف کے ساتھ دونوں ریاستوں کی پولیس بھی بڑی تعداد میں تعینات کی جائے گی۔دراصل گزشتہ کچھ ماہ میں پنجاب اور جموں و کشمیر میں جو واقعات ہوئے ہیں، اس کو لے کر ایجنسیاں محتاط ہیں اور ہر لوکیشن کی ریکی کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق راہل گاندھی زیڈ پلس سیکورٹی رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان حساس ریاستوں میں سیکورٹی کے انتظام بھی اسی سطح پر کیے جا رہے ہیں۔ وہیں خفیہ ایجنسی آئی بی نے بھی اپنی تھریٹ پرسپشن رپورٹ سونپی ہے۔ اسی کے بعد راہل گاندھی کی سیکورٹی کا ریویو کیا گیا ہے۔
Comments are closed.