دہلی سے پٹنہ آرہی انڈیگو فلائٹ میں ہنگامہ

 

کیپٹن اور ایئر ہوسٹس کے ساتھ مار پیٹ اور چھیڑخانی،۲؍گرفتار

پٹنہ۔ ۹؍جنوری: دہلی سے پٹنہ آرہی انڈیگو کی فلائٹ میں اتوار کی دیر رات کیپٹن سمیت ایئر ہوسٹس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور مارپیٹ کی واردات کو انجام دیا گیا۔پولیس کے مطابق دہلی سے پٹنہ آرہی فلائٹ میں شرابیوں نے ہنگامہ کیا، اس دوران فلائٹ کے اندر موجود ایئر ہوسٹس نے ہنگامہ کر رہے شرابیوں کو سمجھانے کی کوشش کی تو شرابی اسی سے الجھ گئے۔ شرابیوں نے ایئر ہوسٹس کے ساتھ بدسلوکی اور چھیڑخانی بھی کی۔اس کے بعد فلائٹ کے کیپٹن جب ایئرہوسٹس کو بچانے آئے تو شرابی ان کے ساتھ بھی الجھ گئے اور کیپٹن کے ساتھ بھی ہاتھا پائی کی گئی۔ یہ پورا معاملہ دہلی سے پٹنہ پہنچی انڈیگو فلائٹ 6 ای- 6383 کا ہے۔مار پیٹ اور چھیڑخانی کرنے والے تینوں دہلی سے ہی شراب پی کر فلائٹ میں سوار ہوئے تھے۔پولس نے ان تین میں سے دو کو گرفتار کرلیاہے۔ انڈیگو کی پٹنہ آنے والی فلائٹ میں ہنگامہ کرنے والے شرابیوں میں روہت کمار، پنٹو کمار اور نتن کمار ہیں۔ یہ تینوں بہار کے ہی رہنے والے ہیں۔ ان تینوں نے دہلی سے ہی کافی شراب پی رکھی تھی اور پوری طرح سے نشے میں مدہوش تھے۔ ان کی بدمعاشی دہلی سے فلائٹ کے پرواز بھرنے کے بعد سے ہی شروع ہوگئی تھی۔خود کو بہار کے سیاستداں کے قریبی بتا رہے شرابیوں نے پٹنہ ایئرپورٹ پر فلائٹ کے لینڈ کرنے کے بعد خوب ہنگامہ کیا۔ اس کے بعد کیپٹن نے پورے معاملے کی اطلاع ایئرپورٹ اتھارٹی اور سی آئی ایس ایف کو دی۔ جس کے بعد ایئرپورٹ پر باہر نکلنے سے پہلے ہی انہیں روکا گیا۔ اس وقت تینوں نے خود کو سیاسی پارٹی سے جڑے ہونے اور خود کو اس کے قومی صدر کا خاص آدمی بتانے لگے۔ حالانکہ اسی درمیان تینوں میں سے ایک پنٹو موقع دیکھ کر فرار ہوگیا۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے فلائٹ کے کیپٹن کی شکایت کی بنیاد پر تفتیش کے بعد روہت اور نتن کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ تھانے لے گئی۔

Comments are closed.