بنگلورو :زیر تعمیر میٹرو کا ستون گر گیا، دو افراد ہلاک، واقعہ سی سی ٹی وی میں قید

بنگلورو(ایجنسی) بنگلورو کے ناگاواڑہ میں میٹرو کا ایک زیر تعمیر ستون گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس حادثے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے پولیس نے کہا کہ صبح تقریباً 10.45 بجے میٹرو کا زیر تعمیر ستون گر گیا۔ ایک موٹر سائیکل اس کی زد میں آ گئی، جس پر چار افراد سوار تھے۔ لوہیت کے ساتھ ان کی بیوی تیجسوینی اور ان کے جڑواں بچے بھی موٹر سائیکل پر تھے۔ حادثے میں تیجسوینی اور اس کے بیٹے ویہان کی موت ہو گئی۔ ساتھ ہی اس حادثے میں لوہیت زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ تیجسوینی اور اس کا بیٹا اس حادثے میں شدید زخمی ہو گئے۔ اس کے بعد دونوں کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ لوہیت اور ان کی بیٹی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ساتھ ہی، پولیس نے کہا کہ موٹر سائیکل پر سوار عورت اور مرد دونوں ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔ ان پر گرنے والے میٹرو کے ستون کی لمبائی تقریباً 40 فٹ تھی۔
ڈاکٹر بھیماشنکر ایس، ڈپٹی کمشنر آف پولیس، بنگلور ایس۔ گلد نے بتایا، اس حادثہ کے سلسلے میں ایک کیس درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ماہرین کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی۔ یہ ٹیم یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ستون گرنے کی وجہ کیا ہے۔
وزیر اعلی بسواراج بومئی نے حادثے کی مکمل تحقیقات کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے دھارواڑ میں کہا، ’’مجھے ابھی حادثے کے بارے میں معلوم ہوا ہے، ہم اس کی تحقیقات کریں گے۔ ہم ستون کے گرنے کی وجہ معلوم کریں گے اور معاوضہ فراہم کریں گے۔‘‘ بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ (BMRCL) نے خاندان کے لیے 20 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ بی ایم آر سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر انجم پرویز نے کہا کہ وہ اندرونی آڈٹ بھی شروع کریں گے۔

Comments are closed.