مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

کھیلوں کے مقابلوں میں تمغہ جیتنے والے اے ایم یو طلباء و طالبات کی عزت افزائی
علی گڑھ، 10 جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اسکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹر پروفیسر اسفر علی خاں نے اے ایم یو اسکولوں کے ان طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے مختلف قومی اور ریاستی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا اور اپنے اپنے زمرہ میں تمغے جیت کر ادارے کا نام روشن کیا۔
اے ایم یو کے ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اسفر علی خاں نے کہا ’’قومی کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینا اور تمغے جیتنا ایک اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ میں طلباء کو مبارکباد دیتا ہوں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی دوسروں کو بھی حوصلہ دے گی۔
جن طلباء و طالبات کی عزت افزائی کی گئی ان میں نیشنل سینئر آرمس ریسلنگ چمپئن شپ کی گولڈ میڈلسٹ، اے ایم یو سٹی گرلس ہائی اسکول کی طالبہ مہوش، 55ویں یوپی اسٹیٹ سالانہ ایتھلیٹک چمپئن شپ کے دوران 60 میٹر ریس میں تیسرا مقام حاصل کرنے والی انجل بگھیل (اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلس)، 50ویں سینئر ویمنس نیشنل ہینڈ بال چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی عبیرہ رضوان (سینئر سیکنڈری اسکول گرلس)، 37 ویں قومی جونیئر خواتین ہینڈ بال چمپئن شپ میں شرکت کرنے والی یسریٰ ارم (اے ایم یو گرلس اسکول)، عالیہ راشد (سینئر سیکنڈری اسکول گرلس)، ضحی ندیم (اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلس)، اور سعدیہ علی (اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلس)، یوپی ویمنس ہاکی چمپئن شپ میں شرکت کرنے والی رابعہ (سینئر سیکنڈری اسکول گرلس) ،یوپی اسٹیٹ جونیئر ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں شرکت کرنے والے ابھینئے دھرگڑھ (ایس ٹی ایس اسکول)، جونیئر اسٹیٹ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی گنجن گوتم (اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلس) ، اور اسٹیٹ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے محمد جنید (اے ایم یو اے بی کے اسکول بوائز) شامل ہیں۔
اس موقع پر اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلس کے اسپورٹس ٹیچر شمشاد نثار کو بھی مبارکباد دی گئی جنھوں نے امیٹھی میں منعقدہ 31 ویں یوپی اسٹیٹ ماسٹرز ایتھلیٹک میٹ کے دوران 200 اور 400 میٹر ریس میں بالترتیب گولڈ میڈل اور سلور میڈل جیتا۔ انہوں نے تقریب کی نظامت بھی کی۔
اس موقع پر مسٹر فیصل نفیس، پرنسپل، ایس ٹی ایس اسکول، مسز نغمہ عرفان، پرنسپل، سینئر سیکنڈری اسکول گرلس، مسز آمنہ ملک، پرنسپل، اے ایم یو گرلس اسکول، ڈاکٹر ثمینہ، پرنسپل، اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول، مسٹر محمد عالمگیر، پرنسپل، اے ایم یو سٹی گرلس ہائی اسکول، اور ڈاکٹر صبا حسن، وائس پرنسپل، اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلس بھی موجود رہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو فیکلٹی ممبر نے کانفرنس سیشن کی صدارت کی
علی گڑھ، 10 جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ویمنس کالج میں کامرس سیکشن کے پروفیسر بابو بخش منصوری نے فیکلٹی آف کامرس، کریم سٹی کالج، جمشید پور (جھارکھنڈ) کے زیر اہتمام ’زراعت اور دیہی ترقی اور مجموعی اقتصادی ترقی میں ان کی حصہ داری‘ موضوع پر منعقدہ دو روزہ قومی انٹرڈسپلنری کانفرنس میں ایک تکنیکی سیشن کی صدارت کی۔
انہوں نے مجموعی اقتصادی ترقی اور دیہی ترقی میں افراد، عمل اور کارکردگی (تھری پی) کی حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے زراعت میں انسانی وسائل کے معقول بندوبست کی ضرورت پر زور دیا۔
مرکزی و ریاستی حکومتوں اور مالیاتی اداروں کے مختلف پروگراموں، پروجیکٹوں اور اسکیموں پر روشنی ڈالتے ہوئے پروفیسر منصوری نے کہا کہ دیہی غربت کے خاتمے میں دیہی شعبے کی ترقی کا کلیدی کردار ہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں بنگلہ دیش کے نامور خطاط نے تخلیقی ورکشاپ کا انعقاد کیا
علی گڑھ، 10 جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی معین الدین احمد آرٹس گیلری میں منعقدہ تین روزہ تخلیقی خطاطی ورکشاپ کے دوران کشش گرگ (بی وی اے، فرسٹ سمسٹر)، محمد جاوید خاں (ایم وی اے، دوئم سمسٹر) اور مدحت حسین (ایم وی اے، فرسٹ سمسٹر) نے بہترین خطاطی کے ایوارڈ حاصل کیے۔ اس ورکشاپ کے شرکاء کو ڈھاکہ ، بنگلہ دیش کے معروف خطاط محبوب مرشد نے تربیت دی جو عربی اور بنگلہ زبانوں کے مشہور خطاط ہیں۔
ایوارڈ تقریب کا اہتمام معین الدین احمد آرٹ گیلری میں ورکشاپ اور نمائش کے آخری دن کیا گیا۔ ورکشاپ میں فائن آرٹس اور اے ایم یو کے دیگر شعبہ جات کے 60 سے زائد طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔
ورکشاپ کوآرڈینیٹر پروفیسر بدر جہاں نے بتایا کہ طلباء کو مسٹر محبوب مرشد کی گفتگو اور سلائیڈ پریزنٹیشن سے بہت فائدہ ہوا جنہوں نے بطور خطاط اپنے تخلیقی سفر اور تجربات سے مستفید کیا اور تخلیقی خطاطی کے اپنے مخصوص انداز اور تکنیک کے بارے میں انھیں بتایا۔
پروفیسر بدر جہاں نے ورکشاپ میں ایوارڈ جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کی اور بنگلہ دیشی فنکار کے تئیں اظہار تشکر کیا۔
تقریب کی مہمان خصوصی پروفیسر آذرمی دخت صفوی نے ممتاز بنگلہ دیشی فنکار کو ایک یادگاری نشان پیش کیا، جو کہ کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے سرفراز کئے جاچکے ہیں۔
پروفیسر بدر جہاں نے کہا کہ طلباء و طالبات کے فائدے کے لیے معین الدین احمد آرٹ گیلری میں پینٹنگز کی مختلف تخلیقی تکنیکوں کی ورکشاپ کاآئندہ بھی انعقاد کیا جائے گا۔
٭٭٭٭٭٭
Comments are closed.