بیربھوم: مڈڈے میل میں مردہ سانپ ملنے سے سنسنی،30سے زائدبچے بیمار،ہسپتال میں داخل

کولکاتا(ایجنسی)اسکول میں ملنے والامڈڈے میل ہمیشہ کسی نہ کسی وجہ سے سرخیوں میں رہاہے،کبھی کھاناخراب توکبھی کھانے میں چھپکلی یازہریلی چیزملنے کی وجہ سے۔مغربی بنگال سے موصولہ ایک خبرکے مطابق بیربھوم ضلع کے ایک اسکول میں طلبہ کودیئے جانے والے مڈڈے میل میں مردہ سانپ پایاگیا،جس کی وجہ سے 30سے زائدبچے بیمارپڑگئے جنھیں رامپور ہاٹ میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کھانا کھانے کے بعد کئی بچوں کو اچانک الٹی ہونے لگی تھی۔ کھانا بنانے والے اسکول کے ایک ملازم نے دعویٰ کیا کہ دال سے بھرے ایک کنٹینر میں مردہ سانپ ملا تھا۔
بلاک ڈیولپمنٹ افسر دیپانجن کا بیان بھی زہریلے مڈ ڈے میل کے بارے میں سامنے آیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کئی دیہی عوام سے مڈ ڈے میل کا کھانا کھانے کے بعد بچوں کے بیمار پڑنے کی شکایت ملی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ پرائمری اسکولوں کے ضلع انسپکٹر کو اس کی جانکاری دے دی گئی ہے جو 10 جنوری کو رپورٹ کریں گے۔ افسر کا کہنا ہے کہ ایک بچے کو چھوڑ کر سبھی بچوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔
ایک پولیس افسر نے جانکاری دی ہے کہ بچوں کے بیمار پڑنے کی خبر ملنے کے بعد سرپرستوں نے اسکول کا گھیراؤ کیا ہے اور ہیڈ ماسٹر کی گاڑی میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی ہے۔ حالانکہ بعد میں معاملے کو سنبھال لیا گیا۔ اس سلسلے میں جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پنچایت الیکشن کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے مڈ ڈے میل میں گوشت اور انڈا شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پھل اور مرغ کا گوشت دستیاب کرانے کے لیے ریاستی حکومت نے 372 کروڑ روپے الاٹ کیے ہیں۔ اب جبکہ مڈ ڈے میل میں سانپ نکلنے کا معاملہ سامنے آیا ہے تو ریاستی حکومت سوالوں کے گھیرے میں آ گئی ہے۔
Comments are closed.