اتراکھنڈ پولیس کا مقصد ریاست کونشہ سے پاک کرناہے: ڈی جی پی

نامور شاعر ڈاکٹر افضل منگلوری کی ڈی جی پی سے ملاقات
دیوبند،13؍ جنوری(سمیر چودھری؍بی این ایس)
اتراکھنڈ ناگرک سمان سمیتی کے سکریٹری اور شاعر ڈاکٹر افضل منگلوری نے ریاست اتراکھنڈ کے ڈی جی پی اشوک کمار سے ملاقات کرکے ہری دوار ضلع میں نشہ پاک مہم میں مزید تیزی لانے اور ہری دوار پولیس کی کامیابی پرانہیں مبارک باد دی اور کہا کہ پولیس کی جانب سے چلائی جارہی یہ مہم نسل نو کو نشہ سے دور رکھے گی۔ اس دوران ڈی جی پی اتراکھنڈ اشوک کمار نے کہا کہ ریاست اتراکھنڈ حکومت اور اتراکھنڈ پولیس کا اہم مقصد یہ ہے کہ پوری ریاست کو نشہ سے پاک اور اس سماجی گندگی کو ختم کرکے ریاست کو جرائم سے پاک بنایا جائے اور یہ عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ ڈی جی پی اشوک کمار نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ضلع ہری دوار میں نشہ پاک مہم کو کامیاب بنایا جاسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نشہ کے عادی لوگ ہی لوٹ ، چوری، راہزنی ، عصمت دری اور دیگر وارداتوں کو انجام دیتے ہیں اس لئے نشہ کے خلاف عوام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ اشوک کمار نے کہا کہ ہری دوار اور پیران کلیر مذہبی مقامات ہیں اس لئے وہاں کی شفافیت کو محفوظ رکھنے کے لئے مذہبی رہنمائوں ، سماجی تنظیموں اور ہر گھر کے افراد کو نوجوانوں کو نشہ کے خلاف بیداری پیدا کرنی ہوگی اور انہیں سمجھانا ہوگا کہ نشہ سے کیا کیا خرابیاں پیدا ہوتی ہیں اور ان کی صحت پر بھی برا اثر پڑتا ہے۔ یہ کام گھر کے ہر فرد کو کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ آج نوجوان نسل منشیات کی طرف بڑھ رہی ہے اور اس کو روکنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ڈی جی پی اشوک کمار نے کہا کہ ہری دوار پولیس صرف شہروں میں ہی نہیں بلکہ دیہی علاقوں میں بھی نشہ مخالف مہم چلا رہی ہے اور اس میں عوام کا بھرپور تعاون مل رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی نشہ سے پاک عوام بیداری ریلی کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں دانشوران ، اساتذہ، تاجران، کسان، صحافی او ر ہر مذہب کے مذہبی رہنمائوں کو اس میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مہم سے لوگوں میں بیداری آئے گی۔

Comments are closed.