دربھنگہ کی نو منتخب میئر انجم آرا کا ۱۵جنوری کو جالے میں استقبالیہ

 

دربھنگہ۔ ۱۳؍جنوری: (محمد رفیع ساگر) دربھنگہ نگر نگم کی نو منتخب میئر انجم آرا اور میئر نمائندہ صبغت اللہ عرف ڈبو خان کا علم وادب کی بستی جالے کی سرزمین پرسیاسی لیڈر مولانا غلام مذکر خان کی سرپرستی وقیادت میں 15 جنوری کو والہانہ استقبال ہوگا اور ان کی بڑی کامیابی پر انہیں جالے کی عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کی جائے گی۔ اس یاد گار موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی شمشاد خان سابق امیدوار دربھنگہ دیہی اور عبدالباقی صدیقی وقف بورڈ پٹنہ بھی موجود رہیں گے۔ اپنے پریس ریلیز میں مولانا غلام مذکر خان نے بتایا کہ حالیہ دنوں دربھنگہ نگر نگم کے انتخاب میں شاندار کامیابی حاصل کر کے میئر کا عہدہ حاصل کرنے والی انجم آرا نے سیاست کے ماہرین کو جو خوبصورت پیغام دیا ہے اس کی اہمیت سے نئی نسل کو واقف کرانے کے لئے جالے میں ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ استقبالیہ تقریت کسی سیاسی غرض سے نہیں بلکہ یہ بتانے کے لئے ہے کہ کسی بڑے مقصد کے حصول کے لئے طویل جد وجہد اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنا ضروری ہوا کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ دربھنگہ کے نگر نگم انتخاب میں بڑے فرق کے ساتھ انجم آرا کی کامیابی خوش آئند مستقبل کی علامت ہے اور مجھے امید ہے کہ ان کی اس کامیابی سے دربھنگہ شہر کو خاص پہچان دلائے گی اور اس کی ترقی وخوشحالی کے قابل رشک مواقع سامنے آئیں گے۔

Comments are closed.