حضرت مولانا عبد اللہ قاسمی ہرسنگھ پوری علم وعمل میں ممتاز اورصاحب عزم عالم دین تھے:مولاناانیس الرحمن قاسمی

پھلواری شریف16/جنوری (پریس ریلیز)
آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی چیرمین ابوالکلام ریسرچ فاؤنڈیشن نے ایک تعزیتی نشست میں کہاکہ حضرت مولانا عبد اللہ قاسمی ہرسنگھ پوری علم وعمل میں ممتاز اورصاحب عزم عالم دین تھے،وہ اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔(انا للہ وانا الیہ راجعون)مولانا قاسمی نے کہاکہ مولانامرحوم عزم وحوصلہ کے پیکر، کام کے دھنی، کردار میں پختہ، ملنسار ومتواضع شخصیت کے مالک تھے۔انہوں نے مزید کہا مولانامرحوم مولانا عبد اللہ قاسمی قطب عالم حضرت مولانا عبد الرحمن ہر سنگھ پور ی کے بڑے صاحبزادے تھے۔انہوں دارالعلوم دیوبندسے تعلیم حاصل کی تھی اوروہ حضرت شیخ الاسلام حسین احمدمدنی ؒکے شاگر دتھے۔فقیہ الملت حضرت قاضی مجاہد الاسلام قاسمی رحمہ اللہ کے ہم سبق تھے، دونوں میں بڑی قربت تھی۔ دارالعلوم دیوبند سے فراغت کے بعدترہت اکیڈمی سمستی پور میں فارسی زبان وادب کے استاذ کے طور پر منسلک ہوگئے تھے، آپ سمستی پور شہر کے امام عیدین بھی تھے، جب تک صحت نے ساتھ دیا خدمت انجام دیتے رہے، دینی کاموں میں بلامعاوضہ خدمت انجا دیتے تھے خواہ وہ اما مت وخطابت ہو یا وعظ ونصیحت، آپ بڑے نرم دل، نرم خو اور لطیف طبیعت اور متبع سنت کے مالک تھے۔
مولانا مرحوم کی اقبالیات پربڑی گہری نگاہ تھی، اقبال کے سینکڑوں اشعار زبان زد تھے، اچھے خطیب تھے،اپنی تقریروں میں علامہ اقبال کے اشعار کثرت سے پڑھا کرتے تھے، آپ متعدد مدرسوں اور ملی تنظیموں کے سر پرست ورکن تھے۔ آپ نے ۶۹/سال کی اچھی عمر پاکرعوام کی خدمات کیں،اللہ تعالیٰ ان کے درجات کو بلند فرمائے اور مغفرت فرمائے آمین، پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین۔اس تعزیتی نشست میں آل انڈیا ملی کونسل بہار کے جنرل سکریٹری مولانا محمد عالم صاحب قاسمی وآل انڈیا ملی کونسل کے رکن جناب نجم الحسن نجمی اوردیگر حضرات کثیر تعدادمیں شریک تھے۔
Comments are closed.