کملا ندی کا پل ٹوٹنے سے 10 پنچایتوں پر آفت

 

دربھنگہ،سمستی پور،بیگوسرائے اور کھگریا کا سڑک رابطہ منقطع

دربھنگہ۔ ۱۶؍جنوری: (محمد رفیع ساگر) کشیشوراستھان ۔ راج گھاٹ وایا سہوروا گھاٹ کی کملا ندی پر بنایا گیا سہوروا گھاٹ پل پیر کی صبح ریت سے لدے ٹرک کی وجہ سے دو حصوں میں ٹوٹ گیا۔ایسا بتایا جارہا ہے کہ اس واقعہ کے دوران ہی ٹرک کا ڈرائیور اور معاون ندی میں چھلانگ لگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پل ٹوٹتے ہی کشیشوراستھان سرکل کی دس پنچایتوں کی دونوں جانب کی آبادی کے علاوہ دربھنگہ، سمستی پور ، بیگوسرائے اور کھگڑیا اضلاع کے لاکھوں لوگوں کی آمدورفت ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ مقامی سماجی کارکن تریبھون کمار سمیت کئی لوگوں نے فوری طور پر مقامی انتظامیہ کو اطلاع دی، اطلاع ملتے ہی کشیشوراستھان پولیس موقع پر پہنچ کر بچاؤ کاموں میں مصروف ہوگئی۔عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی 16 پہیوں والا ریت سے بھرا ٹرک پل عبور کر رہا تھا کہ پل کا آدھا حصہ ٹرک کے ساتھ گر گیا۔جبکہ آدھا ٹرک پل پر لٹکا ہوا ہے۔سابق وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر اشوک کمار نے ٹیلی فون پر بتایا کہ یہ پل 25 سال قبل میرے دور حکومت میں تعمیر کیا گیا تھا، بعد میں اس کی صحیح طریقے سے مرمت نہیں کی گئی اور بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت کو روکنے کے لیے اس پل کے دونوں جانب رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں۔ یہ رکاوٹ کس نے کھولی اس کی نشاندہی کرکے کارروائی کی جائے اور یہاں کے لوگوں کے لیے فوری طور پر متبادل انتظامات کیے جائیں۔دوسری جانب تریبھون کمار سمیت مقامی لوگوں نے فوری طور پر ڈائورسن بنا کر پل بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر کوشیشوراستھان تھانہ انچارج امیت کمار نے بتایا کہ پل ٹوٹنے سے پیدا ہوئی افراتفری کو قابو میں کرنے کے لئے موقع پر پولیس عملوں کی تعیناتی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرک کا ڈرائیور اور خلاصی حادثے میں محفوظ رہا۔

Comments are closed.