بیڑ میں جمعیۃ علماء کے ضلعی دفتر کا افتتاح

ضرورت مندوں اور مظلوموں کی خدمت اللہ کی خوشنودی کا اہم ذریعہ ہے: مولانا ندیم صدیقی
بیڑ ۔۱۶؍جنوری ( پریس ریلیز ) آج بتاریخ16جنوری 2023 بروز پیر بوقت صبح 11 بجے صدر بلدیہ نگر پریشد کمپلکس ،پہلا منزلہ ،بشیر گنج متصل آفس روزنامہ تعمیر بیڑ میں جمعیۃ علماء ضلع بیڑ کے ضلعی دفتر کا حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صاحب صدیقی صاحب (صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) کے دست مبارک سے افتتاح عمل میں آیا ،بعدہ ایک مختصر پروگرام منعقد ہوا ،جس کا آغاز حافظ افسر اشاعتی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، قاری سعد بن اسلم صاحب نےرسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت کا نذرانہ پیش کیا،مفتی عبداللہ قاسمی صاحب (صدر جمعیۃ علماء ضلع بیڑ ) نے شہر بیڑ میں جمعیۃ کا دفتر کھولنےکی غرض وغایت اور ضلع جمعیۃ علماء کی کارکردگی پیش کی ،مولانا صابر صاحب رشیدی (جنرل سکریٹری ضلع بیڑ )نے جمعیۃ علماء کی تاریخ اور آگے کے عزائم پر روشنی ڈالی ۔ جناب مجتبیٰ احمد خان صاحب نے عصری تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کیلئے 50 ہزار نقد کا نظم کرایا اور غریب مستحق طلباء میں صدر محترم کے دست مبارک سے تقسیم فرماکرہمت افزائی کی گئی۔اس موقع پرجمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صاحب صدیقی صاحب نے جمعیۃ دفتر کے افتتاح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے اکابرین کی بے سروسامانی کے عالم میںکی گئی خدمات ان کی سادگی بالخصوص مولانا حفظ الرحمن صاحب سیوہارویؒ،مولانا حسین احمد مدنیؒ اور مولاناعبدالقادر رائے پوریؒ، شیخ الحدیث مولانا زکریا صاحب وغیرہ کی قربانیوں پرتفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے تیزی سے فروغ پارہے فتنہ ارتداد، بے راہ روی، شکیلیت ،قادیانیت ، معاشرہ کے لئے ناسور بچت گٹ، شرکیہ عقائد سے مسلمانوں کو دور رکھنے ،حکومت کی موجودہ ایجوکیشن پالیسی کے شر سے مسلمانوں کےبچانے ، دینی تعلیمی بیداری مہم کو کامیاب بنانے و دیگر تعمیری کاموں کی طرف شرکاءکی توجہ مبذول کرائی اور فرمایا کہ ضرورت مندوں اور مظلوموں کی خدمت اللہ کی خوشنودی کا اہم ذریعہ ہے ۔مولانا صدیقی نے یکم رجب المرجب سے ۳۰ ؍ رجب المرجب تک ریاست بھر میں دینی تعلیمی بیداری مہم چلانے ،مکاتب قائم کرنے ، دیہاتوں کا سروے کرنے ،اسی طرح جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام ماہ10 ؍ 11 ؍ 12 فروری کو دہلی رام لیلا گراونڈ میں منعقد ہونے چونتیسواں اجلاس عام کو کامیاب بنانے کے لئے بڑی تعداد میں شرکت کرنےکی دعوت دی ۔
Comments are closed.