مراد آباد کے متاثرہ تاجرعاصم سے ایس ڈی پی آئی کے وفد نے ملاقات کی

لکھنؤ(پریس ریلیز)سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) اتر پردیش کی ایک وفد نے پارٹی ریاستی جنرل سکریٹری شعیب حسن کی قیادت میں مرادآباد کے متاثرہ تاجر عاصم حسین سے ان کے گھر پر ملاقات کی۔ تاجر عاصم حسین نے وفد کو بتایا کہ وہ دہلی سے مراد آبادواپس جارہے تھے اور پدماوت ایکسپریس کے جنرل ڈبے میں سوار تھے۔ جس وقت ٹرین ہاپوڑ اسٹیشن پر ٹہری تو اس میں کچھ بھگوا پوش نوجوان داخل ہوئے اور انہوں نے چلتی ٹرین میں ان کے ساتھ مارپیٹ شروع کردی۔ حملہ آوروں نے ان کی داڑھی کھینچی اور انہیں چور کہا اور انہیں جئے شری رام کے نعرے لگانے کو کہا اور جب انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کیا توان کو مارا پیٹا۔ یہ ہجوم ان کی ماب لنچنگ کرنا چاہتا تھا، افسوس کی بات یہ تھی کہ ٹرین میں سوا ر دیگر مسافر نے عاصم کوان بھگوا پوش غنڈوں سے بچانے کی کوشش نہیں کی۔ جب ٹرین مرادآباد اسٹیشن کے قریب پہنچی تو پلیٹ فارم سے پہلے ہی کسی نے انہیں ٹرین سے نیچے پھینک دیا۔ رات کو وہ ایک جاننے والے کی مدد سے گھر پہنچے تھے۔ ایس ڈی پی آئی ریاستی جنرل سکریٹری شعیب حسن نے عاصم حسین کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں شمیم احمد ضلعی صدر بجنور،محمد ارشد اور مولانا دانش وغیرہ شامل تھے۔

Comments are closed.