یوم جمہوریہ کے موقع سے دستور ہند کی حفاظت کا عہد کیا جائے:آل انڈیا ملی کونسل

پھلواری شریف،پٹنہ(پریس ریلیز)
حسب دستور ہر سال یوم جمہوریہ کی تقریبات پورے ملک میں منائی جاتی ہیں اوراس موقع پر دستور ہند کے حوالت سے اس کے دیباچے(تمہید)کا ذکر بھی کیا جاتا ہے،واضح رہے کہ ملک کا پورا ڈھانچہ اسی دستور ہند پر کھڑا ہے،جس کی تمہید میں کہاگیا ہے کہ:
”ہم بھارت کے عوام متانت وسنجیدگی سے عزم کرتے ہیں کہ بھارت کو ایک مقتدر،سماجوادی،غیر مذہبی،عوامی جمہوریہ بنائیں اوراس کے تمام شہریوں کے لیے حاصل کریں:
انصاف: سماجی،معاشی اورسیاسی
آزادی:افکار،اظہار،عقیدہ،دین اورعبادت
مساوات:بہ اعتبار حیثیت اوران سب میں
اخوت کو ترقی دیں،جس سے فرد کی عظمت اورقوم کے اتحاد اورسالمیت کا تیقن ہو،
اپنی آئین ساز اسمبلی میں آج26نومبر1949کو یہ آئین ذریعہء ہذا اختیار کرتے ہیں اوراپنے آپ پر نافذ کرتے ہیں“۔
آپ جانتے ہیں کہ ہندوستان کی سالمیت اوراس کی گنگا جمنی تہذیب کے تحفظ میں ہے اوراسی کثرت میں وحدت کے نظریہ کے ساتھ یہ ملک ترقی وخوشحالی کی بڑھ سکے گا؛لیکن گزشتہ چند سالوں سے اسی نظریے کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،اسی فکر واضطراب کے مدنظر جمہوری اقدار اوراس کے سماجی وسیاسی تانے بانے کے استحکام کی خاطر سبھی انصاف پسند طبقات بشمول مسلمان،دلت، آدیباسی، دھسٹ،جین،سکھ،عیسائیوں اورسیکولراقدار پر یقین رکھنے والوں اورہر طبقے وسوسائٹی کے لوگوں کے ساتھ ساتھ ماہرین قانون ودستور نیز میڈیا کے افراد کو 26جنوری2023کے پروگراموں میں شریک کریں،اگر دستور بچ گیا اوراس کے تحفظ پر ہم نے کوئی آنچ نہیں آنے دی تو یقینی طور پر ہم ملک کو ظلم وناانصافی کے گھٹا ٹوپ اندھیروں سے باہر نکال سکیں گے اوراس ملک کو شاہراہ ترقی پر لانے میں مثبت،مفید اورٹھوس اقدام کے لیے راہیں ہموار کرسکتے ہیں۔
یہ ایک ناقابل انکار حقیقت ہے کہ جمہوریت میں کسی تحریک یافکر کے ناکام ہونے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ کوئی اس کا مدمقابل ہم پیدا نہ کرپائے،ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم نے اس تعلق سے غفلت برتی ہے اورنہ ہم مقتضائے حال کے مطابق کوئی لائحہ عمل بناسکے ہیں۔لہذا ضروری یہ ہے کہ ہم دستوری فریم ورک میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کے مثبت پہلوؤں سے لوگوں کو پوری طرح واقف کرائیں،جن میں سماج کے سبھی اکائیوں کا تعاون حاصل کرنا ضروری ہے؛اس لیے آل انڈیا ملی کونسل بہار کی جانب سے تمام اہل مدارس،دانشوران اورعلم دوست احباب سے گزارش ہے کہ کووڈ گائڈس لائن کی رعایت کرتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں میں سبھی مذاہب کے لوگوں اورانصاف پسند سیکولر افراد کو ساتھ لے کرمنظم انداز میں ”یوم جمہوریہ“کے موقع پر پروگراموں کا انعقاد کریں اور اخبارات ومیڈیاچینلوں کے ذریعہ پروگراموں کو مشتہر کریں۔

Comments are closed.