رمضان عبادت کا مہینہ، نوجوان لایعنی کاموں سے خود کو بچائیں: مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی
کانپور۔ رمضان المبارک کی مقدس راتوں،سحری اور فجر بعد کے اوقات میں سڑکوں پر موٹرسائیکلوں اور دیگر سواریوں سے نکل ہڑدنگ کرنے کی نوجوانوں کی موصول شکایتوں پر رجمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام دنوں اس طرح کی حرکتیں کرنے اور ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور ماہ مقدس میں روزہ رکھ کر ایسے نامناسب کام کرنا تو سخت قابل مذمت ہے ہی نیز اللہ کے نزدیک بھی بڑا گناہ ہے۔ مولانا نے نوجوانوں سے کہا کہ ماہ رمضان کا مقدس مہینہ چل رہا ہے، اس مہینہ میں اللہ کی رحمتیں اپنے بندوں پر خاص طور پر متوجہ ہوتی ہیں،شیطان قید کر دئے جاتے ہیں، اور پھر آپ تو ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، مقامی سطح سے لے کراعلیٰ سطح تک ہر جگہ آپ کی ایک ایک نقل و حرکت پر نظر رکھنے کا کام کیا جا رہاہے، مسلم محلوں کی سرگرمیوں پر خصوصی نگرانی ہو رہی ہے اور پھر ملک اور سماج کے ایسے حالات جہاں معاشرہ کے ایک فرد کے ذریعہ کی گئی کسی غلطی کو اس کی قوم سے جوڑ کر پوری قوم کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہو، آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ آپ کی طرف سے کوئی ایسا کام نہیں ہونا چاہئے جس سے ہمارے آپ کے درمیان رہنے والے لوگوں کو کہنے، سننے یا کسی طرح کے تبصرہ کا موقع ملے۔ شیطان کے نمائندے اور دشمن طاقتیں اپنے کام میں لگی ہیں،لیکن آپ اللہ کے بندے اپنے کاموں میں لگے رہیں۔ یہ شہر ہم سب کا ہے، یہاں کے ماحول کو پر امن اور پیار محبت والا بنانا بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے، اسی میں ہماری، آپ کی، ہمارے علاقہ، محلہ، سماج اور شہرسب کی بھلائی ہے۔ آخر میں مولانا نے شہر و اطراف شہر کے عوام و خواص سے اور سنجیدہ لوگوں سے نوجوانوں کی صحیح رہنمائی کرکے ان کے اندر صحیح اور غلط کام کی سمجھ پیدا کرنے، اپنے اپنے علاقہ میں ذمہ دار ہونے کی حیثیت سے ان کی سرگرمیوں پر خود نظر رکھنے اور غلطی کرنے پر ٹوکنے اور ضرورت پڑنے پر تنبیہ کرنے کی اپیل کی۔
Comments are closed.