Baseerat Online News Portal

شیو گاؤں میں مسلمانوں کی یک طرفہ گرفتاری کا سلسلہ بند کیا جائے

 

وزیر داخلہ سے جمعیۃ علما ء مہاراشٹر (ارشدمدنی) کا مطالبہ

ممبئی 26/مئی

جمعیۃعلماء شہرپونے سے موصولہ رپورٹ کی روشنی میں آج جمعیۃعلماء مہاراشٹر (ارشدمدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے ہوم منسٹر آف مہاراشٹر شری دیویندر فڈنویس،مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر جناب عارف نسیم خان وحلقہ کے ممبران پارلیمنٹ و اسمبلی کو مکتوب روانہ کرکے پولس کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف یک طرفہ گرفتاری پر توجہ دلائی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جمعیۃعلماء شہر پونے کا ایک وفد جس میں قاری محمد ادریس انصاری،مولانا عبد الصمد،مولانا شہاب الدین،مولانا محمد اسحاق وغیرہ شامل تھے نے حالات کا جائزہ لینے کے لئے وہاں کا دورہ کیا،اور مقامی ذمہ داروں سے ملاقات کی اورحالات سے باخبر ہونے کے بعد اپنی جائزہ رپورٹ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کو روانہ کی، رپورٹ موصول ہوتے ہی گلزار احمد اعظمی نے ہوم منسٹر آف مہاراشٹر شری دیویندر فڈنویس،مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر جناب عارف نسیم خان وحلقہ کے ممبران پارلیمنٹ و اسمبلی کو مکتوب روانہ کرکے پولس کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف یک طرفہ گرفتاری پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ فسادیوں نے تو اقلیتی طبقہ کے مال کو لوٹا،آگ لگائی اور توڑ پھوڑ بھی کی،لیکن اب علاقہ کی پولس مسلمانوں کی بے جا گرفتاری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس کی بناء پر مسلمانوں میں خوف و ہراس ہے اکثر مرد وں نے گاؤں کو چھوڑ دیا ہے،صرف مستورات وہاں ہیں،اس پر آپ کو توجہ دینی چاہئے اور مسلمانوں کی بے جا گرفتای کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔

گلزار اعظمی نے مکتوب میں لکھا ہے کہ ہماری اطلاع کے مطابق فسادی دندناتے پھر رہے ہیں اور پولس ان پر کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔ اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ شر پسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ شیوگاؤں میں امن بحال ہوسکے اور مسلمانوں میں جو خوف و ہراس پیدا ہوا ہے وہ دور ہوسکے۔

Comments are closed.