اسلام نے خواتین کو سب سے زیادہ حقوق دئے ہیں : خواتین کی مجلس سے صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا خطاب

ـــــــــــ
ممبئی : آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے شعبہ خواتین کی میٹنگ صابوصدیق مسافر خانہ ممبئی منعقد ہوئی، اس سے صدر بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا عمرین رحمانی سکریٹری بورڈ، مولانا محمود احمد دریابادی کنوینئر مہاراشٹر برائے یوسی سی، مفتی سعیدالرحمان فاروقی ممبر بورڈ نے خطاب کیاـ
خواتین اسلام سے خطاب کرتے ہوئے اکابرین نے اپیل کی کہ فی الحال 14 جولائی تک لاء کمیشن کو جواب دینے کا وقت ہے، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے ایک لنک اور کیوآرکوڈ جاری کیا ہے اس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ میل بھیج کر یوسی سی کی مخالفت کریں ـ
اکابرین نے فرمایا کہ شریعت پر عمل کرنا جتنا مرد کے لئے ضروری ہے اتنا ہی عورت کے لئے بھی ضروری ہے، اسلام نے خواتین کے ساتھ حقیقی انصاف کیا ہے، آج مسلم عورتوں کوحقوق دینے کے نام پر شریعت میں مداخلت کی جاری ہے ـ اس سے پہلے تین طلاق کے نام پر بھی یہ کوشش ہوئی تھی،اس وقت بھی خواتین اسلام نے مجاہدانہ کردار کا مظاہرہ کیا تھا، کڑوڑوں خواتین سڑکوں پر اُتری تھیں اور اُنھوں نے حکومت کو صاف پیغام دیا تھا کہ ہم شریعت اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ساتھ ہیں ـ اکابرین نے صاف کہا کہ ابھی سڑکوں پر اترنے کا موقع نہیں ہے،ابھی صرف 14 جولائی تک لاء کمیشن کو جواب دینے پر توجہ دی جائے آئندہ جو صورت حال ہوگی اس کے بعد کیا کرنا ہے اُس کا اعلان کیا جائے گا ـ
آخر میں کئی خواتین نے کچھ سوال کئے صدر بورڈ نے سب کا تفصیلی جواب دیاـ اسی دوران انھوں نے فرمایا کہ شریعت نے خواتین جو حقوق دیئے ہیں وہ نہ اس سے پہلے کبھی دئے گئے تھے نہ بعد میں دئے گئے،بس اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے، صدر بورڈ نے کہا کہ بورڈ تفہیم شریعت کی باقاعدہ ممہم شروع کررکھی ہے اُنھوں نے وعدہ کیا کہ جلد ہی ممبئی میں صرف خواتین کے لئے تفہیم شریعت کا دوروزہ پروگرام رکھا جائیگا، جس میں خواتین اسلام کی تربیت کی جائیگی اور اُن کی غلط فہمیوں کو دور کیا جائے گا ـ مجلس میں فرید شیخ اور سلیم موٹر والا ممبران مسلم پرسنل لاء بورڈ بھی موجود تھے۔
Comments are closed.