صاحب نسبت وبزرگ عالم دین مولانا بدرالدین قاسمی دارالعلوم امدادیہ کے نئے شیخ الحدیث منتخب، مفتی سعید الرحمن فاروقی کو بنایا گیا نائب شیخ الحدیث

ممبئی (پریس ریلیز )

ممبئی کےقدیم مرکزی ادارے دارالعلوم امدادیہ کے شیخ الحدیث حضرت مولانا غلام رسول قاسمی کی وفات کے بعد ذمہ داران مدرسہ نے ایک اور بزرگ عالم دین اور ادارے کے صدرالمدرسین حضرت مولانا بدرالدین قاسمی کو شیخ الحدیث منتخب کیا ہے، مولانا موصوف تقرینا پیتالیس سال سے دارالعلوم امدادیہ میں تفسیر،فقہ، حدیث کے علاوہ، نحو،صرف، منطق وفلسفہ کی اعلی کتابیں پڑھارہے ہیں، دارالعلوم دیوبند کے مشہور محدث حضرت مولانا فخرالدین احمد مرادابادی کے شاگرد ہیں، حضرت مولانا شیخ علاءالدین آسامی کے خلیفہ مجاز بھی ہیں، شہرت وناموری سے یکسر گریز کرتےہوئے خاموشی وگوشہ نشینی کے ساتھ دینی علوم کی خدمت انجام دے رہے ہیں، اپنی ٹھوس علمی صلاحیت ودیگر گوناگوں خصوصیات کی وجہ سے طلباء میں بےحد مقبول ہیں ـ اس سے پہلے بخاری شریف جلد ثانی کا سبق بھی اُن سے متعلق رہا ہے ـ

اسی طرح دارالعلوم امدادیہ کے صدر مفتی حضرت مولانا مفتی سعیدالرحمان فاروقی کو شیخ ثانی منتخب کیاگیا ہے، مفتی صاحب موصوف بھی گزشتہ پیتیس سال سے دارالعلوم امدادیہ میں افتاء وتدریس کی خدمت کررہے ہیں ـ حضرت مولانا شاہ ابرارالحق ہردوئی کے خلیفہ مجاز ہیں، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن ہیں، زبردست علمی صلاحیت کے مالک اور تقریروتحریر میں یکساں قدرت رکھتے ہیں ـ

ذمہ داران مدرسہ نے تمام مسلمانوں سے دعاوں کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے مدارس اسلامیہ ہی کی وجہ سے آج ہندوستان میں دینی علوم اور اسلامی تہذیب زندہ ہے،اس لئے مدارس کا تحفظ و نگہبانی ملت اسلامیہ کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے ـ

Comments are closed.